ابوظہبی میں بریج سمٹ 2025 کا آغاز، 60 ہزار سے زائد تخلیق کار، ماہرین اور سرمایہ کار شریک

ابوظہبی۔8دسمبر (اے پی پی):ابوظہبی میں بریج سمٹ 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جو میڈیا، مواد سازی، تخلیقی صنعتوں اور ٹیکنالوجی سے جڑے شعبوں کا خطے کا سب سے بڑا اجتماع ہے۔ امارات نیوز ایجنسی ’’وام‘‘کے مطابق تین روزہ سمٹ ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں 10 دسمبر تک جاری رہے گا،اس بین الاقوامی ایونٹ میں 60 ہزار سے زائد تخلیق کار، میڈیا اور مواد کے ماہرین، فنکار، پروڈیوسرز ، پبلشرز، سرمایہ …

ابوظہبی۔8دسمبر (اے پی پی):ابوظہبی میں بریج سمٹ 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جو میڈیا، مواد سازی، تخلیقی صنعتوں اور ٹیکنالوجی سے جڑے شعبوں کا خطے کا سب سے بڑا اجتماع ہے۔ امارات نیوز ایجنسی ’’وام‘‘کے مطابق تین روزہ سمٹ ایڈنیک سینٹر ابوظہبی میں 10 دسمبر تک جاری رہے گا،اس بین الاقوامی ایونٹ میں 60 ہزار سے زائد تخلیق کار، میڈیا اور مواد کے ماہرین، فنکار، پروڈیوسرز ، پبلشرز، سرمایہ کار، کاروباری شخصیات، جامعات اور تحقیقی ادارے شریک ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر 400 سے زائد بین الاقوامی مقررین اور 300 نمائش کنندگان مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔بریج سمٹ میں 300 سے زائد سرگرمیاں رکھی گئی ہیں جن میں 200 پینل مباحثے اور 50 ورکشاپس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرایکٹو پلیٹ فارمز اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے لیے مختص علاقوں کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے تاکہ عالمی تخلیقی معیشت میں داخلے کے لیے شراکت داری، سرمایہ کاری اور علم کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔

سمٹ میں نمایاں عالمی قائدین، فیصلہ ساز اور ماہرین ایک دوسرے سے مکالمہ اور تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں مؤثر سرمایہ کاری اور عملی شراکت داری میں بدلا جا سکے۔ایونٹ میں ابھرتے ہوئے تخلیقی شعبے جیسے گیمنگ، آگمینٹڈ اور ورچوئل رئیلٹی کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ ڈیزائن، آرکیٹیکچر، دستکاریاں اور ثقافتی مصنوعات بھی مرکز نگاہ ہیں۔

اس کے علاوہ میڈیا ادارے، تعلیمی اور تحقیقی ادارے اور جدت کے مراکز بھی سمٹ کا حصہ ہیں۔پیر کے روز ہونے والے افتتاحی سیشن میں موسیقی، لائیو پرفارمنس، سنیما، ٹیلی وژن، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا، ادب، اشاعت اور ترجمہ جیسے شعبوں سے وابستہ عالمی اور مقامی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔