جاپان نے روسی اثاثے ضبط کرنے کی یورپی منصوبہ بندی مسترد کر دی

برسلز۔9دسمبر (اے پی پی):جاپان نے یورپی یونین کی جانب سے منجمد روسی اثاثے ضبط کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیٹیکو یورپ کی رپورٹ کے مطابق، یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیرِ خزانہ ساتسوکی کاتایاما نے واضح کیا کہ ٹوکیو کے پاس روسی اثاثوں کی ضبطی کے لیے کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین نے جاپان پر تقریباً 30 …

برسلز۔9دسمبر (اے پی پی):جاپان نے یورپی یونین کی جانب سے منجمد روسی اثاثے ضبط کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیٹیکو یورپ کی رپورٹ کے مطابق، یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیرِ خزانہ ساتسوکی کاتایاما نے واضح کیا کہ ٹوکیو کے پاس روسی اثاثوں کی ضبطی کے لیے کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔رپورٹ کے مطابق، یورپی یونین نے جاپان پر تقریباً 30 ارب ڈالر مالیت کے منجمد روسی اثاثے ضبط کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا، تاہم جاپان نے اس مؤقف کو قانونی جواز سے خالی قرار دیتے ہوئے تجویز رد کر دی۔

پولیٹیکو نے اس سے قبل 2 اکتوبر کو خبر دی تھی کہ G7 کے یورپی رکن ممالک جاپان اور امریکہ پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے ہاں منجمد روسی اثاثوں کو ضبط کر کے یوکرین کے لیے استعمال کریں۔روس کے خلاف مغربی ممالک کی پابندیوں کے تحت تقریباً 300 ارب ڈالر کے روسی اثاثے منجمد کیے گئے ہیں، جن میں سے 210 ارب ڈالر بیلجیم میں واقع یوروکلیئر پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔ امریکہ میں اس رقم کا تخمینہ 5 سے 6 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے۔روسی وزارتِ خارجہ پہلے ہی خبردار کر چکی ہے کہ اگر مغرب نے روسی اثاثے ضبط کیے تو ماسکو فوری اور سخت جوابی اقدامات کرے گا۔