پانی کی فراہمی کے تنازع ،امریکی صدر کی میکسیکو کو نئے ٹیرف کی دھمکی

واشنگٹن۔9دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کو دھمکی دی ہے کہ اگر میکسیکو 1944 میں دستخط کئے گئے دو طرفہ معاہدے کے تحت پانی فراہم نہیں کرتا تو وہ میکسیکن مصنوعات پر اضافی 5 فیصد ٹیرف عائد کر دیں گے۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میکسیکو کی جانب سے 1944 کے آبی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی …

واشنگٹن۔9دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کو دھمکی دی ہے کہ اگر میکسیکو 1944 میں دستخط کئے گئے دو طرفہ معاہدے کے تحت پانی فراہم نہیں کرتا تو وہ میکسیکن مصنوعات پر اضافی 5 فیصد ٹیرف عائد کر دیں گے۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میکسیکو کی جانب سے 1944 کے آبی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی ٹیکساس کی فصلوں اور مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ میکسیکو گزشتہ5سال کے دوران معاہدے پر عمل نہ کرنے کے باعث امریکا کا اب بھی 8 لاکھ ایکڑ فٹ (986.4 ملین مکعب میٹر)پر پانی کا مقروض ہے۔امریکا کو 31 دسمبر سے پہلے 2 لاکھ ایکڑ فٹ پانی کی ضرورت ہے، جبکہ باقی پانی اس کے فوراً بعد فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دستاویزی اجازت دے دی ہے کہ اگر پانی فوری طور پر جاری نہ کیا گیا تو میکسیکو پر 5 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے۔ 1944 کے آبی معاہدے جسے دریائے کولوراڈو اور ٹیجوانا کے پانی اور دریائے ریو گرانڈے کے استعمال کے معاہدے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کے مطابق امریکا کو ہر سال دریائے کولوراڈو سے میکسیکو کو 15 لاکھ ایکڑ فٹ (1.85 ارب مکعب میٹر) پانی دینا ہوتا ہے جبکہ میکسیکو کو پانچ سالہ چکر (five-year cycles) میں ریو گرانڈے سے امریکا کو 17.5 لاکھ ایکڑ فٹ (2.2 ارب مکعب میٹر) پانی فراہم کرنا لازم ہے۔