کراکس۔10دسمبر (اے پی پی):امریکا کے دو ایف۔18 لڑاکا طیاروں نے منگل کو وینیزویلا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور تقریباً 40 منٹ تک وینزویلا کی فضائی حدود میں پرواز کی۔ شنہوانے امریکی اخبار میامی ہیرالڈ کے حوالے سے بتایا کہ طیاروں کی یہ سرگرمی فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارمز پر واضح طور پر دیکھی گئی۔رپورٹ کے مطابق فلائٹ ریڈار 24 نے دونوں طیاروں کو جھیل مراکیبو کے شمالی حصے …
امریکی لڑاکا طیاروں کی وینیزویلا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ، 40 منٹ تک پرواز کی
کراکس۔10دسمبر (اے پی پی):امریکا کے دو ایف۔18 لڑاکا طیاروں نے منگل کو وینیزویلا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور تقریباً 40 منٹ تک وینزویلا کی فضائی حدود میں پرواز کی۔ شنہوانے امریکی اخبار میامی ہیرالڈ کے حوالے سے بتایا کہ طیاروں کی یہ سرگرمی فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارمز پر واضح طور پر دیکھی گئی۔رپورٹ کے مطابق فلائٹ ریڈار 24 نے دونوں طیاروں کو جھیل مراکیبو کے شمالی حصے اور خلیجِ وینیزویلا کے اوپر پرواز کرتے ہوئے دکھایا۔ یہ راستہ زیولیا کے شہر لا گواجیرا اور ریاست فالکون کے دارالحکومت کورو کے درمیان بنتا ہے، دونوں علاقوں کو وینیزویلا کے توانائی شعبے کی اہم شاہ رگ تصور کیا جاتا ہے۔
وینیزویلا کے ہزاروں شہریوں نے آن لائن ٹریکنگ ویب سائٹس کے ذریعے ان طیاروں کا مکمل راستہ مانیٹر کیا، جنہوں نے خلیج کے اوپر بو ٹائی نما پیٹرن میں پرواز کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارے تقریباً 25 ہزار فٹ کی بلندی پر تھے۔تقریباً 5,000 مربع میل پر پھیلی جھیل مراکیبو امریکا کے بڑے آبی ذخائر میں شمار ہوتی ہے، جبکہ اس کے آس پاس تقریباً 150 ارب بیرل خام تیل کے ذخائر موجود ہیں۔ پرواز کی جگہ مراکیبو شہر سے 100 میل شمال مشرق میں واقع ہے، جہاں اہم فوجی فضائی اڈہ رافائیل اُردانیٹا ایئر بیس موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں وینیزویلا میں امریکی فوج بھیجنے کے امکان کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ فوجی حکمت عملی پر گفتگو نہیں کرنا چاہتے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیریبین میں منشیات فروشوں کے خلاف زمینی اہداف پر جلد فضائی حملوں کے اعلان کے بعد امریکا اور وینیزویلا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ پینٹاگان رواں سال ستمبر سے اب تک کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں منشیات بردار کشتیوں پر 22 حملے کر چکا ہے جن میں 87 افراد ہلاک ہوئے۔امریکا نے حالیہ مہینوں میں کیریبین سمندر میںبڑے طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ سمیت درجن بھر جنگی جہاز ، اور تقریباً 15 ہزار فوجی تعینات کیے ہیں۔ اس پیمانے کی امریکی فوجی موجودگی تین دہائیوں میں پہلی بار دیکھی گئی ہے۔دوسری جانب وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو امریکی اقدامات کو اپنی حکومت کے خلاف سازش اور لاطینی امریکا میں امریکی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔








