دبئی میں پہلا امارات روس بزنس فورم، اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز

دبئی۔10دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات اور روس کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے دبئی میں پہلے امارات روس بزنس فورم کا آغاز ہو گیا ہے، یہ فورم ایک نئی سالانہ روایت کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری کے امکانات کو مضبوط بنانے کا ہدف رکھتا ہے۔امارات نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق فورم کا اہتمام روس امارات بزنس …

دبئی۔10دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات اور روس کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے دبئی میں پہلے امارات روس بزنس فورم کا آغاز ہو گیا ہے، یہ فورم ایک نئی سالانہ روایت کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری کے امکانات کو مضبوط بنانے کا ہدف رکھتا ہے۔امارات نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق فورم کا اہتمام روس امارات بزنس کونسل (آر یو بی سی) نے روس کانگریس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا جبکہ روس کی وزارت صنعت و تجارت اور میراتھن انویسٹمنٹ گروپ کی معاونت بھی حاصل رہی۔

یہ فورم حکومت، بڑی کمپنیوں، سرمایہ کاری فنڈز اور ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے اعلیٰ نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہا ہے اور اسے روس-امارات بین الحکومتی کمیشن برائے تجارتی، اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے 12ویں اجلاس کے ساتھ منعقد کیا گیا ہے۔حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ صنعتی پیداوار، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، زراعت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، صحت عامہ اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی گئی ہے۔

یہ شراکت اب روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ جدید اور ابھرتے ہوئے شعبہ جات تک پھیل چکی ہے جن کے لیے نئے فریم ورک اور شراکت داری کی حکمت عملیاں درکار ہیں۔فورم کے کلیدی سیشن کا عنوان ’’طویل المدتی ترقی کا خاکہ: دونوں ممالک کے لیے نئے مواقع‘‘ ہے جس میں روس-امارات بزنس کونسل کے چیئرمین الیگزینڈر وینوکروف کونسل کی مستقبل کی حکمت عملی اور اقتصادی مواقع فراہم کرنے کے ذرائع پر روشنی ڈالیں گے۔

فورم میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں متحدہ عرب امارات کے وزیرمعیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری، روس کے وزیرصنعت و تجارت انتون الیخانوف، جمہوریہ تاتارستان کے سربراہ رستم منیخانوف، ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم، وی ٹی بی بینک کے نمائندے وٹالی سرگےچک، گازپروم میڈیا ہولڈنگ کے سی ای او الیگزینڈر ژاروف اور روسی فیڈریشن کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سرگے کاتیئرن شامل تھے۔

فورم کی پینل نشست کا آغاز ’’روس امارات انوویشن ٹریک: ٹیکنالوجی شراکت داری کا نیا دور‘‘ کے عنوان سے ہوا، جس میں دونوں ممالک کے مابین جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔