الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق 28 دسمبر 2025 ء کو انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا ہے۔ بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بنچ نے تحریری طور پر فیصلہ جاری کیا جبکہ بنچ کے رکن شاہ محمد جتوئی نے اختلافی نوٹ لکھا ہے جس میں …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق 28 دسمبر 2025 ء کو انتخابات کرانے کا فیصلہ دیا ہے۔

بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بنچ نے تحریری طور پر فیصلہ جاری کیا جبکہ بنچ کے رکن شاہ محمد جتوئی نے اختلافی نوٹ لکھا ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ دسمبر کے مہینے میں کوئٹہ میں شدید سردی کی وجہ سے یہاں کے رہائشی دیگر اضلاع کی طرف ہجرت کر جاتے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال درست نہیں ہے ، اس لئے ا نتخابات ملتوی کئے جائیں تاہم کمیشن کی جانب سے اکثریتی رائے سے جاری فیصلہ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے 3 نومبر کے الیکشن شیڈول کے مطابق پولنگ 28 دسمبر کو شیڈول کے مطابق ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیں۔ ووٹروں ، امیدواروں، عوام اور پولنگ سٹاف کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو 8 دسمبر کو درخواست دی تھی جس میں انہوں نے 28 دسمبر کو ہونے والے الیکشن کے شیڈول کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جس کی پانچ رکنی بنچ نے سماعت کی اور اس کے بعد فیصلہ جاری کیا گیا۔

 

مزید خبریں