اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):جونیئر اورنج باؤل انٹرنیشنل چیمپئن شپس 12 تا 17 دسمبر 2025 تک کھیلی جائے گی، پاکستان کے نوجوان ٹینس کھلاڑی میامی، فلوریڈا میں موجود ہیں، جہاں وہ دنیا کے معروف جونیئر اورنج باؤل میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں جو عالمی سطح کے باوقار ترین جونیئر ٹینس مقابلوں میں سے ایک ہے۔ شایان آفریدی نے 12 اینڈ اَنڈر کیٹیگری کے مین ڈرا میں براہِ راست …
جونیئر اورنج باؤل انٹرنیشنل چیمپئن شپس :پاکستانی نوجوان ٹینس کھلاڑی میامی، فلوریڈا میں موجود

مزید خبریں
اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):جونیئر اورنج باؤل انٹرنیشنل چیمپئن شپس 12 تا 17 دسمبر 2025 تک کھیلی جائے گی، پاکستان کے نوجوان ٹینس کھلاڑی میامی، فلوریڈا میں موجود ہیں، جہاں وہ دنیا کے معروف جونیئر اورنج باؤل میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں جو عالمی سطح کے باوقار ترین جونیئر ٹینس مقابلوں میں سے ایک ہے۔
شایان آفریدی نے 12 اینڈ اَنڈر کیٹیگری کے مین ڈرا میں براہِ راست جگہ حاصل کی جبکہ راشد علی نے سال بھر کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ایشین ٹینس فیڈریشن سے مین ڈرا وائلڈ کارڈ حاصل کیا۔ ان کا سفر پاکستان کی ایشین 12 اینڈ اَنڈر ٹیم چیمپئن شپ (مئی 2025) میں فتح سے شروع ہوا جس کے بعد سنگاپور میں ایشین فائنلز میں چھٹا مقام اور قازقستان میں انٹرکانٹینینٹل فائنلز میں پانچواں مقام حاصل کیا،یہ کامیابیاں انہیں اس ایلیٹ ایونٹ تک لانے میں اہم ثابت ہوئیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کا ابھرتا ہوا ٹیلنٹ مکائیل علی بیگ بھی فلوریڈا میں 16 اینڈ اَنڈر کیٹیگری میں حصہ لے رہا ہےجس نے 2025 کے سیزن میں شاندار نتائج کے ذریعے اپنی جگہ بنائی۔ پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے گہری خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ تین پاکستانی کھلاڑی اس باوقار ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں جو ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
اعصام الحق نے امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کا مختصر وقت میں ویزے جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا، بارڈ فاؤنڈیشن کا سفر سپانسر کرنے پر تہِہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ایشین ٹینس فیڈریشن کا راشد علی کو وائلڈ کارڈ دینے پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر اورنج باؤل جیسے مقابلے میں شرکت کرنا خود ایک غیرمعمولی کامیابی ہے اور انہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔







