سوڈان میں ڈرون حملہ میں یو این امن مشن کے 6 بنگلادیشی اہلکار جاں بحق، 8 زخمی

خرطوم۔14دسمبر (اے پی پی):جنگ زدہ سوڈان میں اقوام متحدہ کی ایک تنصیب پر ڈرون حملے میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 6 امن اہلکار جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والا یہ حملہ وسطی خطے کردوفان کے شہر کادوگلی میں اقوام متحدہ کے امن مشن …

خرطوم۔14دسمبر (اے پی پی):جنگ زدہ سوڈان میں اقوام متحدہ کی ایک تنصیب پر ڈرون حملے میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 6 امن اہلکار جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والا یہ حملہ وسطی خطے کردوفان کے شہر کادوگلی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے لاجسٹکس بیس پر کیا گیا۔

سیکریٹری جنرل کے بیان کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے آٹھوں اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے، تمام جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے، جو ابیئی کے لیے اقوام متحدہ کی عبوری سلامتی فورس میں خدمات انجام دے رہے تھے۔انتونیو گوتریس نے اپنے بیان میں کہاکہ میں سوڈان کے شہر کادوگلی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے لاجسٹکس بیس کو نشانہ بنانے والے ہولناک ڈرون حملوں کی سخت مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہاکہ اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتا ہے، جنوبی کردوفان میں آج کے حملے جیسے واقعات ناقابل جواز ہیں اور اس پر جوابدہی لازم ہوگی۔سوڈانی فوج نے اس حملے کا الزام نیم فوجی گروہ ریپڈ سپورٹ فورسز پر عائد کیا ہے۔

آر ایس ایف کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔سوڈانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملہ باغی ملیشیا اور اس کے پس پردہ عناصر کے تخریبی طرز عمل کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔ فوج نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں اقوام متحدہ کی تنصیب کے مقام پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

بنگلہ دیش کے عبوری رہنما محمد یونس نے اپنے بیان میں حملے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اموات کی تعداد چھ اور زخمیوں کی تعداد آٹھ بتائی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ زخمی بنگلہ دیشی اہلکاروں کو ضروری ہنگامی مدد فراہم کی جائے۔