جنوبی کوریا کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی مصنوعات کی برآمدات نومبر میں 25.45 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں

سیئول۔14دسمبر (اے پی پی):سیمی کنڈکٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث جنوبی کوریا کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) مصنوعات کی برآمدات نومبر میں ماہانہ بنیاد پر ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئیں۔شنہوا کے مطابق وزارت تجارت، صنعت و توانائی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نومبر میں آئی سی ٹی مصنوعات کی برآمدات سالانہ بنیاد پر 24.3 فیصد اضافے کے ساتھ 25.45 ارب امریکی ڈالر رہیں جو …

سیئول۔14دسمبر (اے پی پی):سیمی کنڈکٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث جنوبی کوریا کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) مصنوعات کی برآمدات نومبر میں ماہانہ بنیاد پر ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئیں۔شنہوا کے مطابق وزارت تجارت، صنعت و توانائی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نومبر میں آئی سی ٹی مصنوعات کی برآمدات سالانہ بنیاد پر 24.3 فیصد اضافے کے ساتھ 25.45 ارب امریکی ڈالر رہیں جو فروری کے بعد مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہیں۔

یہ حجم ستمبر میں ریکارڈ کی گئی 25.40 ارب ڈالر کی سابقہ بلند ترین سطح سے بھی تجاوز کر گیا جس کی بڑی وجہ چپس کی مضبوط طلب رہی۔سیمی کنڈکٹرز کی برآمدات میں 38.6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 17.27 ارب ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، یہ اضافہ DDR5 اور ہائی بینڈوِڈتھ میموری جیسی اعلیٰ درجے کی مصنوعات کی مضبوط طلب کے باعث ہوا جو جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلیجنس چپ سیٹس میں استعمال ہوتی ہیں۔

ڈسپلے پینلز کی برآمدات میں 3.7 فیصد کمی کے ساتھ یہ 1.60 ارب ڈالر رہیں تاہم موبائل فونز کی برآمدات 3.5 فیصد اضافے سے 1.50 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔کمپیوٹرز اور ان سے متعلقہ آلات کی برآمدات میں 1.9 فیصد اضافہ ہو کر 1.52 ارب ڈالر رہیں جبکہ مواصلاتی آلات کی برآمدات 3.3 فیصد اضافے کے ساتھ 200 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

نومبر میں آئی سی ٹی مصنوعات کی درآمدات سالانہ بنیاد پر 2.7 فیصد اضافے سے 12.77 ارب ڈالر رہیں جس کے نتیجے میں آئی سی ٹی شعبے میں تجارتی سرپلس 12.69 ارب ڈالر ہو گیا۔گزشتہ ماہ موبائل فونز، کمپیوٹرز اور مواصلاتی آلات کی درآمدات میں دوہرے ہندسے کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیمی کنڈکٹرز اور ڈسپلے پینلز کی درآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی۔