لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار ملک بھر کے ہاکی کلبوں کی رجسٹریشن کا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے شروع کیا جا رہا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 15 دسمبر سے ہوگا، اس اقدام کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے شفافیت، میرٹ اور جدید نظام کے فروغ کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آن لائن پورٹل …
ملک بھر کے ہاکی کلبوں کی آن لائن پورٹل رجسٹریشن15 دسمبر سے شروع ہوگی

مزید خبریں
لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار ملک بھر کے ہاکی کلبوں کی رجسٹریشن کا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے شروع کیا جا رہا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 15 دسمبر سے ہوگا، اس اقدام کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے شفافیت، میرٹ اور جدید نظام کے فروغ کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آن لائن پورٹل سب سے پہلے پنجاب کے ہاکی کلبوں کے لیے 15 سے 20 دسمبر تک پانچ روز کے لیے اوپن کیا جائے گا، اس کے بعد 21 سے 30 دسمبر تک دیگر صوبوں کے ہاکی کلبوں کے لیے رجسٹریشن عمل مکمل کیا جائے گا۔آئی پی سی کی قائمہ کمیٹی کی ہدایت کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تین مرحلوں پر مشتمل جامع الیکشن پلان ترتیب دیا ہے۔
پہلے مرحلے میں کلب رجسٹریشن، دوسرے مرحلے میں 5 سے 30 جنوری تک سکروٹنی اور ڈسٹرکٹ الیکشنز جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبائی سطح کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کرائے جائیں گے۔کلبوں کی سکروٹنی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن، صوبائی ایسوسی ایشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ تمام فیصلے مکمل طور پر میرٹ پر کیے جا سکیں۔
مزید برآں فیڈریشن کی جانب سے دو رکنی الیکشن کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،جس کا تعلق پاک فوج اور سپریم کورٹ بار سے ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور ایشیئن ہاکی فیڈریشن کے نمائندے بطور آبزرور شریک ہوں گے جو انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔








