اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان (اے ایف پی) جو ملک میں آؤٹ ڈور ایجوکیشن، ایڈونچر لرننگ، نوجوانوں کی قیادت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ میں ایک نمایاں ادارہ ہے کا سالانہ جنرل اجلاس ایڈونچر کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کا آغاز سبکدوش ہونے والے صدر علی حسن حبیب کے خیر مقدمی خطاب سے ہوا جنہوں نے اے ایف پی کے اراکین اور رضاکاروں کی مسلسل وابستگی …
ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان کے سالانہ جنرل اجلاس میں نئی کونسل کا انتخاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان (اے ایف پی) جو ملک میں آؤٹ ڈور ایجوکیشن، ایڈونچر لرننگ، نوجوانوں کی قیادت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ میں ایک نمایاں ادارہ ہے کا سالانہ جنرل اجلاس ایڈونچر کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کا آغاز سبکدوش ہونے والے صدر علی حسن حبیب کے خیر مقدمی خطاب سے ہوا جنہوں نے اے ایف پی کے اراکین اور رضاکاروں کی مسلسل وابستگی اور خدمات کو سراہا۔ گزشتہ سالانہ جنرل اجلاس (منعقدہ 26 اکتوبر 2024) کی کارروائی کی توثیق اور منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران جولائی 2024 سے جون 2025 تک کے عرصے میں فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں اور پروگرامز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا جس میں آؤٹ ڈور تعلیم اور نوجوانوں کی شمولیت کے حوالے سے نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔
مالی سال 2024–25 کے آڈٹ شدہ مالی حسابات بھی اجلاس میں پیش کیے گئے جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔اس کے علاوہ 2025–26 کے لیے مجوزہ آؤٹ ڈور تعلیمی سرگرمیوں کا کیلنڈر پیش کیا گیاجس میں مختلف موسموں میں شرکت کو بڑھانے کے لیے مزید سرمائی پروگرامز شامل کرنے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس کے دوران جنرل باڈی نے آئندہ مدت کے لیے نئی کونسل کا انتخاب کیا۔منتخب ہونے والے عہدیداران میں صدرسید ابو احمد عاکف،نائب صدورکرنل (ر) عباس حسین نقوی،ڈاکٹر عدنان لطیف،محترمہ جہاں آرا معین،اعزازی سیکریٹری تعلقات عامہ بریگیڈیئر (ر) غلام حیدر،کونسل ممبران ڈاکٹر تسنیم عظیم ازل ظاہر،بشرٰی جاوید،رب نواز اور ہما مصطفیٰ شامل ہیں۔انتخابات کے بعد سبکدوش ہونے والے صدر علی حسن حبیب نے نو منتخب کونسل سے حلف لیا۔ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان نوجوانوں اور مختلف کمیونٹیز میں آؤٹ ڈور تعلیم، ماحولیاتی شعور، قیادت کی صلاحیتوں اور شمولیتی ایڈونچر کلچر کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔
تربیتی کورسز، مہمات، کیمپس اور تعلیمی پروگرامز کے ذریعے اے ایف پی قدرتی ماحول میں محفوظ، منظم اور تجرباتی تعلیم کی قیادت کر رہی ہے۔اجلاس کا اختتام رسمی طور پر اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا جس میں سبکدوش ہونے والی کونسل کی خدمات کو سراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان ملک میں محفوظ، ذمہ دار اور بامقصد آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور نوجوانوں کی ترقی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








