نیویارک۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے روڈ شو نے امریکہ کے معروف شہر نیویارک میں شائقین کرکٹ کو جوش و خروش سے بھر دیا۔ پی سی بی کے مطابق دنیا کے مصروف ترین مقام ٹائمز سکوائر میں پی ایس ایل کے رنگ بکھر گئے جہاں لیگ کی ٹرافی کی خصوصی نمائش کی گئی۔ شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ ٹائمز سکوائر پہنچے اور …
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے روڈ شو نے امریکہ کے معروف شہر نیویارک میں شائقین کرکٹ کو جوش و خروش سے بھر دیا
نیویارک۔15دسمبر (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے روڈ شو نے امریکہ کے معروف شہر نیویارک میں شائقین کرکٹ کو جوش و خروش سے بھر دیا۔ پی سی بی کے مطابق دنیا کے مصروف ترین مقام ٹائمز سکوائر میں پی ایس ایل کے رنگ بکھر گئے جہاں لیگ کی ٹرافی کی خصوصی نمائش کی گئی۔ شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ ٹائمز سکوائر پہنچے اور پی ایس ایل سے اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔
پی ایس ایل ٹرافی کو خصوصی بس کے ذریعے ٹائمز سکوائر لایا گیا جسے دیکھنے اور تصاویر بنوانے کے لیے فینز کا رش رہا۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی شان مسعود، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، صائم ایوب، سعود شکیل اور ابرار احمد بھی ٹرافی کے ہمراہ ٹائمز سکوائر پہنچے جہاں شائقین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فینز سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ روڈ شو کے دوران ٹائمز سکوائر میں پی ایس ایل کا جوش و جذبہ دیدنی رہا۔ شائقین نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نعرے لگائے اور امید ظاہر کی کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ کا باعث بنے گی۔ پی ایس ایل روڈ شو نیویارک میں پاکستان کرکٹ کی عالمی مقبولیت اور شائقین کی محبت کا واضح ثبوت بن گیا۔









