لندن۔16دسمبر (اے پی پی):بیلا روس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون آریاناسبالینکا نے ایک مرتبہ پھر خواتین ٹینس میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کی پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز مسلسل دوسری بار اپنے نام کر لیا ہے۔بی بی سی کے مطابق 27 سالہ بیلاروسی سٹار کھلاڑی آریاناسبالینکا نے 2025 کے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ …
آریاناسبالینکا مسلسل دوسری بار ڈبلیو ٹی اے پلیئر آف دی ایئر قرار
لندن۔16دسمبر (اے پی پی):بیلا روس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون آریاناسبالینکا نے ایک مرتبہ پھر خواتین ٹینس میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کی پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز مسلسل دوسری بار اپنے نام کر لیا ہے۔بی بی سی کے مطابق 27 سالہ بیلاروسی سٹار کھلاڑی آریاناسبالینکا نے 2025 کے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4ٹائٹلز جیتے، جو رواں سال ٹور پر سب سے زیادہ ہیں۔
ان میں ستمبر میں رواں سال کا چوتھا اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس کا ٹائٹل بھی شامل ہے، جہاں انہوں نے فائنل میں امانڈا اینیسی مووا کو شکست دے کر اپنا چوتھا گرینڈ سلام سنگلز اعزاز حاصل کیا۔ آریاناسبالینکا نے پورے سیزن میں 9 فائنلز کھیلے، اگرچہ انہیں جنوری میں آسٹریلین اوپن کے فائنل میں امریکی حریف ٹینس کھلاڑی میڈیسن کیز اور جون میں فرنچ اوپن کے فائنل میں امریکی حریف کھلاڑی کوکو گف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے سال کے آغاز میں برسبین انٹرنیشنل، مارچ میں میامی اوپن اور مئی میں میڈرڈ اوپن بھی جیتا جبکہ پورے سال عالمی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے مسلسل دوسری بار سال کا اختتام ٹاپ رینکنگ پر کیا۔ جولائی میں آریاناسبالینکا نے ایک اور سنگ میل عبور کیا، جب وہ 2015 میں سرینا ولیمز کے بعد 12 ہزار سے زائد ڈبلیو ٹی اے رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی بنیں۔
انہوں نے سیزن کا اختتام 63 فتوحات اور 12 شکستوں کے ریکارڈ کے ساتھ کیا اور ریکارڈ 11 ملین پاؤنڈ انعامی رقم بھی حاصل کی۔ عالمی ٹینس میڈیا کی جانب سے ڈالے گئے ووٹس میں سے تقریباً 80 فیصد آریاناسبالینکا کے حق میں گئے۔28 دسمبر کو آریاناسبالینکا 2022 کے ومبلڈن رنر اپ نِک کیرگیوس کے خلاف ایک نمائشی ’’بیٹل آف دی سیکسز‘‘ طرز کے میچ میں بھی حصہ لیں گی، جس کا مقصد ان کے بقول ’’خواتین ٹینس کو مزید بلند سطح تک لے جانا‘‘ ہے۔دوسری جانب، سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بنکک کو زچگی کے بعد 13 ماہ کے وقفے سے شاندار واپسی پر کم بیک پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
کینیڈا کی 19 سالہ وکٹوریہ مبوکو نے نیو کمر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا، جنہوں نے سیزن کے آغاز میں ٹاپ 300 سے باہر ہونے کے باوجود عالمی نمبر 18 تک رسائی حاصل کی۔ڈبلز مقابلوں میں کاترینا سینییاکووا اور ٹیلر ٹاؤن سینڈ کو ڈبلز ٹیم آف دی ایئر قرار دیا گیا، جبکہ امانڈا اینیسی مووا کو پانچ فائنلز تک رسائی پر موسٹ امپرووڈ پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مردوں کے ٹینس میں کارلوس الکاراز نے اے ٹی پی ایوارڈز میں تین اعزازات حاصل کیے، جن میں سال کے اختتام پر عالمی نمبر ایک کا ایوارڈ بھی شامل تھا جبکہ جینک سنر تیسری بار شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی منتخب ہوئے۔









