چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں اصلاحات پر پیش رفت بارے اجلاس

لاہور۔16دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہائوس میں اجلاس منعقدہوا جس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے امور میں اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چیئرپرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سارہ رشید نے بورڈ کے امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بورڈ کے لوگو کی ری ڈیزائننگ کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگوکرتے …

لاہور۔16دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہائوس میں اجلاس منعقدہوا جس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے امور میں اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چیئرپرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سارہ رشید نے بورڈ کے امور بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بورڈ کے لوگو کی ری ڈیزائننگ کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام امتحانات کی آن لائن مانیٹرنگ کا جدید نظام وضع کرلیا گیاہے،ابتدائی طور پر 40 امتحانی مراکز میں آن لائن مانیٹرنگ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔بورڈ میں سائلین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے شکایات سیل قائم کیا گیا ہے،پہلی مرتبہ جاب پلیسمنٹ پورٹل بھی بنایا گیا ہے۔

بورڈ کے زیر اہتمام آن لائن پریکٹیکل امتحانات کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے۔انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری وقت کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیر نے امتحانی مراکز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن محمد حفیظ،کنٹرولر امتحانات ملک عرفان قاسم اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔