وفاقی وزیرِ تجارت نے وزارتِ کی پہلی پوڈکاسٹ سیریز کا افتتاح کر دیا ،اس کے ذریعے علمی خلا پر اور باغبانوں کو بااختیار بنایا جائے،جام کمال خان

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جان کمال خان نے زرعی شعبے بالخصوص باغبانی (ہارٹیکلچر)میں ڈیجیٹل جدّت اور علم کی ترویج کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی (پی ایچ ڈی ای سی) کی پہلی پوڈکاسٹ سیریز کا افتتاح کردیا۔وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق یہ وزارت تجارت کے تحت پہلا پوڈکاسٹ اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کے …

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جان کمال خان نے زرعی شعبے بالخصوص باغبانی (ہارٹیکلچر)میں ڈیجیٹل جدّت اور علم کی ترویج کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان ہارٹیکلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی (پی ایچ ڈی ای سی) کی پہلی پوڈکاسٹ سیریز کا افتتاح کردیا۔وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق یہ وزارت تجارت کے تحت پہلا پوڈکاسٹ اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کے شعبہ باغبانی میں آگاہی بڑھانا، بہترین طریقۂ کار شیئر کرنا اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

باغبانی کے عنوان سے شروع ہونے والا یہ پوڈکاسٹ کسانوں، برآمدکنندگان، محققین اور پالیسی سازوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے لیے مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس میں پائیدار کاشتکاری، برآمدی حکمتِ عملی، ویلیو ایڈیشن، فصل کے بعد نقصانات میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو شامل ہوگی۔مزید برآں معروف زرعی ممالک کے بین الاقوامی ماہرین کو بطور مہمان مدعو کیا جائے گا تاکہ عالمی تجربات اور جدید حل پیش کیے جا سکیں جن سے مواد مزید جامع اور مؤثر بنے گا۔

پی ایچ ڈی ای سی جو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت سیکشن 42 کمپنی کے طور پر قائم ہے، باغبانی کی ترقی اور برآمدات کے فروغ میں صفِ اوّل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ادارے کی نمایاں کامیابیوں میں فروٹ ڈی ہائیڈریشن یونٹس کا قیام، ایران کو کیلا برآمد کرنے میں سہولت، ایک ملین سے زائد آم اور کیلے کی بیگنگ بیگز کی تقسیم اور ملک بھر میں 100 سے زائد تربیتی ورکشاپس کا انعقاد شامل ہے۔

یہ پوڈکاسٹ ان کوششوں کا تسلسل ہے جن کے ذریعے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے بہترین طریقۂ کار جیسے کلائمٹ سمارٹ اقسام، مؤثر آبپاشی اور عالمی معیارات اور HACCP کی تعمیل کو عام کیا جائے گا۔وزارتِ تجارت شعبے کی معاونت کے لیے جدید اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جن میں ای کامرس کا فروغ، یورپی یونین اور مشرقِ وسطیٰ جیسے پریمیم خطّوں تک مارکیٹ رسائی اور ایف اے او سمیت بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون شامل ہے۔

پوڈکاسٹ کی اقساط بڑے سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوں گی جبکہ پہلی قسط میں آم، ترشاوہ پھل (سِٹرَس) اور آلو جیسی اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافہ زیرِ بحث آئے گا۔پھلوں اور سبزیوں کی وسیع تنوّع اور چین کو چیری برآمدات اور سولر ڈی ہائیڈریشن یونٹس جیسے کامیاب منصوبوں کی بنیاد پر یہ پلیٹ فارم آئندہ تین برسوں میں باغبانی برآمدات کو 2 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول میں تیزی لائے گا۔

یہ اقدام حکومت کے اس وژن کی عکاسی بھی کرتا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور کسانوں کے باہمی اشتراک سے عالمی پھل و سبزی منڈی جس کا حجم 2034 تک 388 ارب ڈالر تک متوقع ہے، میں پاکستان کا حصہ بڑھایا جائے۔ وزارتِ تجارت کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ تجارت جام کمال خان نے پوڈکاسٹ کے ذریعے علمی خلا پُر کرنے اور باغبانی برادری کو بااختیار بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ پوڈکاسٹ وزارتِ تجارت کے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید حکمتِ عملیوں کو اپنائیں، چھوٹے کسانوں سے لے کر بین الاقوامی شراکت داروں تک تمام فریقین کو ڈیجیٹل طور پر جوڑ کر ہم تعلیم، ترغیب اور پاکستان کے باغبانی شعبے کو عالمی برآمدی قوت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔