پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے، پی آئی اے کی شفاف نجکاری کےلئے بولی کا عمل براہ راست دکھانے کا فیصلہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیاسی جماعتوں کے مابین ایک بار پھر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے لیکن مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں چلے گی، شفافیت کو مد نظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی نجکاری کےلئے بولی کا عمل براہ راست دکھانے کا فیصلہ کیا۔ …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیاسی جماعتوں کے مابین ایک بار پھر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے لیکن مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں چلے گی، شفافیت کو مد نظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی نجکاری کےلئے بولی کا عمل براہ راست دکھانے کا فیصلہ کیا۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اپنے ابتدائی کلمات میں وزیراعظم نےانڈر19 ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کواس کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ آج پی آئی اے کی نجکاری کا دن ہے، بولی کے عمل کو شفاف بنانے کےلئےیکسوئی سے کام کیا اور اس عمل کو براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا، حکومت درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے تندہی سے کام کررہی ہے ،نجکاری کےلئے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے بہترین کاوشیں کی ہیں،پی آئی اے کی نجکاری کےلئے متعلقہ حکام اور کابینہ ارکان نے بھی بڑی عرق ریزی سے کام کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سربمہر لفافوں میں بولی کا عمل براہ راست دکھایا جارہاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نجکاری ہونے جارہی ہے ، اس معاملے پر وفاقی کابینہ میں سب کی رائے حاصل کی جائے گی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکو سعودی عر ب کے سب سے بڑےاعزاز’’کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ‘‘سے نوازے جانے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف ان کا نہیں یہ پوری قوم کےلئے باعث اعزاز ہے۔

پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی بات پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو اسمبلی کے فلو ر سے بھی مذاکرات کی دعوت دی تھی اگر وہ تیار ہیں حکومت بھی مذاکرات کےلئے تیار ہے، سیاسی جماعتوں میں مذاکرات اور ہم آہنگی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے ضروری ہے لیکن مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں ہونی چاہئے،ملک کو آگے چلنا چاہئے اور اس کےلئے حکومت ہر اقدام کے لئے تیار ہے۔