اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سکواش کے سابق عالمی چیمپئن، پاکستان سکواش فیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر اور خیبر پختونخو سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمر زمان نے کہا ہے کہ آئندہ سال ملک میں سکواش کے فروغ اور بہتری کےلئے دو بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے ٹاپ رینکنگ کھلاڑی شرکت کریں گے۔ بدھ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے …
سکواش کے فروغ اور بہتری کےلئے دو بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، قمر زمان

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سکواش کے سابق عالمی چیمپئن، پاکستان سکواش فیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر اور خیبر پختونخو سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمر زمان نے کہا ہے کہ آئندہ سال ملک میں سکواش کے فروغ اور بہتری کےلئے دو بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے ٹاپ رینکنگ کھلاڑی شرکت کریں گے۔
بدھ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں 6 جنوری سے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ جس کی انعامی رقم ایک لاکھ ڈالر ہے ، کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اس ایونٹ میں دنیا بھر سے ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑی شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں رمضان المبارک کے بعد مارچ میں انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا۔ اس ایونٹ میں بھی دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ قمر زمان نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ایونٹس ہونے چاہئیں تاکہ کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار آ سکے۔ قمر زمان نے کہا کہ نور زمان انڈر 23 حالیہ ورلڈ چیمپئن ہیں ، انہیں بھی زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرنی چاہئے تاکہ وہ ملک کےلئے مزید ٹائٹل جیت سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف مارشل ظہیر الدین بابر کی کوششوں سے سکواش کا کھیل بہتری کی طرف گامزن ہے۔ پاکستان ایئر فورس سکواش کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کےلئے فیڈریشن کی جانب سے جگہ جگہ تربیتی کیمپس لگائے گئے ہیں۔
انہی کیمپوں میں سے نامور کھلاڑی سامنے آئیں گے اور وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ قمر زمان نے کہا کہ بہت جلد سکواش کا کھویا ہوا مقام دوبارہ بحال ہو گا اور پاکستانی کھلاڑی برٹش اوپن اور دیگر بڑے بین الاقوامی مقابلے جیت کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔








