لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پنجاب کے کھلاڑی بدھ کو سپورٹس بورڈ پنجاب پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے تربیتی کیمپس، بہترین سہولیات اور ماہر کوچز کی تربیت نے ان کی کارکردگی کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز کے گولڈ میڈلسٹ محمد اویس حسن اور …
نیشنل گیمز میں گولڈ میڈلز جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کا سپورٹس بورڈ میں شاندار استقبال

مزید خبریں
لاہور۔24دسمبر (اے پی پی):نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پنجاب کے کھلاڑی بدھ کو سپورٹس بورڈ پنجاب پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے تربیتی کیمپس، بہترین سہولیات اور ماہر کوچز کی تربیت نے ان کی کارکردگی کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز کے گولڈ میڈلسٹ محمد اویس حسن اور کلثوم خان نے بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ ٹریننگ اور سہولیات کے باعث وہ نیشنل گیمز میں کامیاب ہوئے۔ کھلاڑیوں نے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا جو کھلاڑیوں کے لیے مالی معاونت کا ذریعہ ہے۔
فینسنگ کی گولڈ میڈلسٹ نتاشا مقصود اور نوال ندیم نے کہا کہ تربیتی کیمپ کے دوران ان کے کوچز نے میدان میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کے لیے انہیں حوصلہ دیا اور وہ ان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔ ووشو کے گولڈ میڈلسٹ زیب حسنین اور مریم رفیق نے بھی کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی فراہم کردہ سہولیات اور تربیت نے انہیں مضبوط حریفوں کو شکست دینے میں مدد دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے ڈی جی سپورٹس خضر افضال چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی قیادت میں پنجاب نے نیشنل گیمز میں بہترین کارکردگی دکھائی اور 37 سال بعد کئی بڑے اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا اور انہیں بہترین تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔








