ریاض ۔25دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمال میں سعودی فالکنز کلب کے ملہم ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کو کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹول کا آغاز ہو گیا۔ یہ فیسٹیول گزشتہ چھ سال سے منایا جا رہا ہے اور اب تک اس میں حصہ لینے والے بازوں کی تعداد 16600 سے تجاوز کر چکی ہے جو اسے اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا فالکنری فیسٹول بناتا …
کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹول کا ریاض میں شاندار آغاز، شوقین باز رکھنے والوں کی تعداد اور انعامات میں ریکارڈ اضافہ

مزید خبریں
ریاض ۔25دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمال میں سعودی فالکنز کلب کے ملہم ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کو کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹول کا آغاز ہو گیا۔ یہ فیسٹیول گزشتہ چھ سال سے منایا جا رہا ہے اور اب تک اس میں حصہ لینے والے بازوں کی تعداد 16600 سے تجاوز کر چکی ہے جو اسے اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا فالکنری فیسٹول بناتا ہے۔ فیسٹول کے ہر سال تسلسل سے انعقاد نے نہ صرف فالکنری کے شعبے میں سعودی عرب کی عالمی حیثیت کو مضبوط کیا ہے بلکہ اس میں شرکت کرنے والے فالکنرز کی تعداد اور انعامات میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اس میلے میں حصہ لینے والے شوقین افراد کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہوتا رہا ہے اور مقابلوں کی کیٹگریز میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے فالکنری کے قدیم اور زندہ ورثے کو فروغ دینے کی کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ میلہ باز رکھنے کے شوقین افراد کی معاونت اور سعودی عرب سے اور دنیا بھر سے باز رکھنے کے شوقین افراد کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی سعودی عرب کی کوششوں کا بھی عکاس ہے۔ گزشتہ چھ سال کے دوران انعامی رقم میں بھی ہر سال اضافہ ہوا ہے ۔ 2019 کے اوائل میں باز میلے میں انعامات کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 70 لاکھ ریال سے زیادہ تھی جو اس سال کے آخر میں منعقد ہونے والے میلے میں بڑھ کر 2 کروڑ 10 لاکھ ریال سے تجاوز کر گئی۔
2020 میں انعامی رقم 2 کروڑ 30 لاکھ ریال، 2021میں 2 کروڑ 50 لاکھ ریال، 2022 میں 2 کروڑ 90 لاکھ ریال، 2023 میں 3 کروڑ 30 لاکھ ریال، 2024 میں 3 کروڑ 60 لاکھ ریال اور 2025 میں 3 کروڑ 80 لاکھ ریال سے تجاوز کر گئی۔ انعامی رقم میں تسلسل کے ساتھ ہونے والا یہ اضافہ سعودی فالکنز کلب کے اس کھیل کی معاونت اور باز رکھنے والوں کے درمیان مقابلوں کی حوصلہ افزائی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس میلے میں حصہ لینے والے بازوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2019 کے اوائل میں مقابلوں میں حصہ لینے والے بازوں کی تعداد 1723 تھی جو اس سال کے آخر میں منعقد ہونے والے میلے میں بڑھ کر 2355 ہو گئی۔
2020 میں مقابلے میں شامل ہونے والے بازوں کی تعداد 2205، 2021 میں 2110، 2022 میں 2256، 2923 میں 2654 اور 2024 میں ریکارڈ 3322 تک پہنچ گئی۔ یہ میلے کے آغاز سے 2024 تک مقابلوں میں حصہ لینے والے بازوں کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔ مقابلے میں حصہ لینے والے بازوں کی تعداد میں ہر سال تسلسل کے ساتھ اضافہ اس میلے میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ مقابلوں کی کیٹگریز کے تنوع خاص طور سے الملواہ اور المزائن مقابلوں میں شرکا کی زبردست دلچسپی کا بھی اظہار ہے۔
میلے میں مقابلوں کے رائونڈز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 2019 کے اوائل میں ہونے والے میلے میں مقابلوں کے کل 53 رائونڈ ہوئے۔ اس سال کے آخر میں ہونے والے میلے میں مقابلوں کے 93 رائونڈ ہوئے ۔ 2020 کے میلے میں مقابلوں کے 85 رائونڈ، 2021 اور 2022 میں مقابلوں کے 106 ، 106 رائونڈ، 2023 میں 121 رائونڈ اور 2024 میں مقابلوں کے 138 رائونڈ ہوئے جبکہ جاری میلے میں مقابلوں کے 139 رائونڈ ہوں گے۔ میلے میں یہ بھرپور شرکت باز رکھنے والوں، اس کو بطور مشغلہ اختیار کرنے والوں ، بازوں کے مالکان ، مقابلے میں حصہ لینے والوں اور نوجوان فالکنرز کی تعداد میں اضافے کا نتیجہ ہے ۔
میلے نے بازوں کی زیادہ شرکت پر تین بار گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر کے بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید مستحکم کیا ہے۔یہ میلہ خلیجی ممالک، ان کے آس پاس کے علاقوں اور دنیا بھر سے باز رکھنے کے شوقین افراد کے لئے بھر پور دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے۔ یہ میلہ نہ صرف فالکنری کے شعبے میں ترقی کا مظہر ہے بلکہ سعودی عرب کی قدیم ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ فیسٹول 10 جنوری 2026 تک جاری رہے گا اور اس میں 9 ممالک سے فالکنرز حصہ لیں گے جس سے سعودی عرب کی عالمی مرکز کے طور پر حیثیت کو فروغ ملے گا۔








