اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے صدر مساتو کنڈا نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور خطے کی ترقی اور عوامی خدمات میں ان کے ممتاز کیریئر اور پائیدار تعاون کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اتوار کوسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پوسٹ میں مساتو کنڈا نے کہا کہ گزشتہ ماہ منیلا میں ڈاکٹر شمشاد اختر سے …
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے صدر مساتو کنڈا کا ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)کے صدر مساتو کنڈا نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور خطے کی ترقی اور عوامی خدمات میں ان کے ممتاز کیریئر اور پائیدار تعاون کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اتوار کوسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پوسٹ میں مساتو کنڈا نے کہا کہ گزشتہ ماہ منیلا میں ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات کا موقع ملا اور ان کی بصیرت اور عوامی خدمت کے لیے مسلسل وابستگی نے بے حد متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا انتقال ترقیاتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک میں بطور سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نے دیانت داری کے ساتھ قیادت کی، اہم اقدامات کی تشکیل میں کردار ادا کیا اور خطے میں پائیدار ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی میں ان کی قیادت کو آج بھی بڑے پیمانے پر احترام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر بن کر رکاوٹیں توڑیں اور بعد ازاں نگراں وزیرِ خزانہ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن کے طور پر اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا کام مالی اصلاحات کے فروغ، معاشی استحکام کی مضبوطی اور علاقائی انضمام کے فروغ کے لئے زندگی بھر کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ ایسی قائد کی کمی کو ادارے اور وسیع تر ترقیاتی برادری میں شدت سے محسوس کیا جاتا رہے گا ۔انہوں نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے اہلِ خانہ اور دیگر رفقا ء جو ان سے وابستہ رہے سب سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔








