اقوام متحدہ۔29دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (آئی او ایم ) نے کہا ہے کہ سوڈان کی ریاستوں شمالی دارفور اور جنوبی کردفان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جاری لڑائی کے دوران رواں ہفتے تین دنوں میں10ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے۔ العربیہ اردو کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے آئی او ایم نے گزشتہ روز …
سوڈان میں جاری لڑائی کے دوران تین روز میں 10 ہزار افراد بے گھر ہوگئے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ۔29دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (آئی او ایم ) نے کہا ہے کہ سوڈان کی ریاستوں شمالی دارفور اور جنوبی کردفان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جاری لڑائی کے دوران رواں ہفتے تین دنوں میں10ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے۔ العربیہ اردو کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے آئی او ایم نے گزشتہ روز بتایا کہ 7 ہزار سے زیادہ افراد نے شمالی دارفور کے شہروں ام برو اور کرنوی سے نقل مکانی کی جن پر چند روز قبل آر ایس ایف نے قبضہ کر لیا تھا۔
اقوام متحدہ کے مطابق جنوبی کردفان میں3ہزار سے زیادہ افراد نے دوقلی شہر سےنقل مکانی کی جس کا آر ایس ایف نے محاصرہ کر رکھا ہے اور یہ فوج کے کنٹرول میں ہے۔ وہاں کے رہائشی قحط کا شکار ہیں۔ جنوبی کردفان ہی میں ابو جبیہہ کے علاقے میں آگ لگنے سے بے گھر افراد کی 45 پناہ گاہیں خاکستر ہو گئیں۔ واضح رہے کہ ریپڈ سپورٹ فورسز نے بدھ کوشمالی دارفور کے شہروں ابو قمرہ اور ام برو پر قبضے کا اعلان کیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ آر ایس ایف کے جنگجو سوڈان کی شمال مغربی سرحد پر الزغاوہ قبیلے کے علاقوں کی طرف بڑھ رہے ہیں اور علاقے میں جھڑپیں تیز ہو گئی ہیں۔
اکتوبر میں الفاشر شہر پر قبضے کے ذریعے جب سے آر ایس ایف نے پڑوسی علاقے دارفور پر اپنی گرفت مضبوط کی ہے، حالیہ مہینوں میں کردفان کے شہروں میں لڑائی میں شدت آئی ہے۔ عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج اور ان کے سابق نائب محمد حمدان دقلو کی قیادت میں ریپڈ سپورٹ فورسز اپریل 2023 سے آپس میں لڑ رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق اس جنگ کی وجہ سے دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔ جنگ کے آغاز سے اب تک 11 ملین سے زیادہ افراد سوڈان کے اندر اور باہر بے گھر ہو چکے ہیں جن کا ایک بڑا حصہ پر ہجوم کیمپوں یا دور دراز شہروں میں رہ رہا ہے جہاں خوراک، ادویات اور صاف پانی کی شدید قلت ہے۔









