چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور تھائی وزیرخارجہ سے ملاقاتیں، جنگ بندی معاہدے پر مبارکباد دی

بیجنگ۔29دسمبر (اے پی پی):چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پراک سوک ہون اور تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ سیہاسک پھوانگک ٹکیو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی مسلح افواج کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے پر مبارکباد دی۔سی جی ٹی این کے مطابق سی پی سی سنٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ …

بیجنگ۔29دسمبر (اے پی پی):چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پراک سوک ہون اور تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ سیہاسک پھوانگک ٹکیو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی مسلح افواج کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے پر مبارکباد دی۔سی جی ٹی این کے مطابق سی پی سی سنٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای نے چین کے صوبہ یوننان کے شہر یوشی میں کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پراک سوک ہون سے ملاقات کی۔اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ تمام فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی مسلح افواج نے جنگ بندی معاہدہ کر لیا ہے، جو امن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور چین اس پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔

جنگ بندی کمبوڈیا اورتھائی لینڈ کے عوام کی مشترکہ خواہشات اور خطے کے ممالک کی عمومی توقعات کے عین مطابق ہے، چین پراعتماد ہے کہ اس کا تمام فریقوں کی طرف سے خیرمقدم اور حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ سب مل کر یوننان سے امن کی آواز بلند کریں گے، امن پر اتفاق رائے پیدا کریں گے اور امن کے مستقبل کا منظرنامہ پیش کریں گے۔ چین کمبوڈیا کو سرحدی علاقے میں بے گھر ہونے والے افراد کی آباد کاری کے لیے انسانی امدادی سامان مہیا کرنے کے لیے تیار ہے،امید ہے کہ کمبوڈیا ،کمبوڈیا میں مقیم چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے گا۔ اس موقع پر پراک سوک ہون نے کہا کہ کمبوڈیا تنازع کی ثالثی میں چین کے مثبت کردار کو بے حد سراہتا ہے،کمبوڈیا جلد قیام امن کی توقع کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اس سہ فریقی ملاقات سے دیرپا امن کی بحالی میں تعاون ہوگا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے تھائی لینڈ کے وزیرخارجہ سیہاسک پھوانگک ٹکیو سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر وانگ ای نے کہا کہ چین تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحدی کشیدگی پر گہری توجہ رکھتا ہے اور اس تنازع کے نتیجے میں عام شہریوں کے جانی نقصان اور لوگوں کی بے گھری پر شدید افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ وانگ ای نے واضح کیا کہ چین آئندہ بھی تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن کی بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا، آسیان کے کردار کی حمایت کرے گا، جنگ بندی کی نگرانی کے لیے آسیان مبصر مشن کو مدد فراہم کرنے پر آمادہ ہے اور دونوں ممالک کے اہل شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے ۔

تھائی وزیرخارجہ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے تنازع کے حل کے لیے چین کی جانب سے مثبت اور تعمیری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ پائیدار جنگ بندی کے قیام اور حقیقی و دیرپا امن کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔