اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے آئندہ چند روز میں ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرنے والے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے پیشِ نظر موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ۔پیر کو این ڈی ایم اے کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 29 دسمبر 2025 کی رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور 30 دسمبر 2025 …
این ڈی ایم اےنے آئندہ چند روز میں ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرنے والے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے پیشِ نظر موسمی ایڈوائزری جاری کر دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے آئندہ چند روز میں ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرنے والے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے پیشِ نظر موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ۔پیر کو این ڈی ایم اے کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 29 دسمبر 2025 کی رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے اور 30 دسمبر 2025 سے اس میں شدت آ سکتی ہے۔ یہ موسمی نظام 31 دسمبر کو ملک کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا اور بالائی علاقوں میں 2 جنوری 2026 کی صبح تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس موسمی نظام کے زیرِ اثر ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں 30 دسمبر کی رات سے 2 جنوری کی صبح تک برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے، اسی دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور حساس و بلند پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
دوسری جانب اس بارش کے سلسلے کے دوران وسطی و جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے،متوقع صورتحال کے پیشِ نظر این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز)، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے)، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے)اور آئی سی ٹی انتظامیہ کو ضروری تیاری اور بروقت ردِعمل کے تمام اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو چوکنا رہنے، بروقت معلومات کی ترسیل، ہنگامی ردِعمل ٹیموں کو الرٹ رکھنے اور انسانی جانوں، املاک اور اہم انفراسٹرکچر کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور بروقت ردِعمل اور نقصانات میں کمی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ عوام الناس کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی صورتحال اور ایڈوائزریز سے باخبر رہیں اور خصوصاً متاثرہ علاقوں میں سفر کی منصوبہ بندی سے قبل “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ کا استعمال کریں۔








