روسی صدر ولادی میر پوتن کے عالمی رہنماؤں کو تحائف ، ولودیمیر زیلنسکی کیلئے ہتھکڑیوں کا تحفہ

ماسکو۔29دسمبر (اے پی پی):روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے کئی عالمی رہنماؤں کو تحائف ارسال کئے ہیں جن میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کیلئے ہتھکڑیوں کا تحفہ بھی شامل ہے۔العربیہ کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ اور صدر ولادیمیر پیوٹن اور ان کے ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی کے مابین تنازعہ کے درمیان کینیا میں روسی سفارت خانے نے ایک دلچسپ وڈیو جاری کی ہے جس میں …

ماسکو۔29دسمبر (اے پی پی):روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے کئی عالمی رہنماؤں کو تحائف ارسال کئے ہیں جن میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کیلئے ہتھکڑیوں کا تحفہ بھی شامل ہے۔العربیہ کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ اور صدر ولادیمیر پیوٹن اور ان کے ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی کے مابین تنازعہ کے درمیان کینیا میں روسی سفارت خانے نے ایک دلچسپ وڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ولادی میر پیوٹن دنیا کے مختلف رہنماؤں کو تحائف تقسیم کر رہے ہیں۔

وڈیو میں روسی صدر کو سانتا کلاز کے لباس میں دکھایا گیا ہے اور وہ کئی صدور کو تحائف بھیج رہے ہیں جن میں سب سے نمایاں چین کے صدر شی جن پنگ ہیں۔روسی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو رواں سال اگست میں الاسکا میں ہونے والے اجلاس کی تصویر بطور تحفہ دی ۔وینزویلا کے صدر نکولس مادورو جو موسیقی کے شوقین ہیں، انہیں سٹیریو تحفے میں دیا گیا جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان کو اکو یو کے علاقے کے لیے شیشے کی گیند دی گئی جہاں ترکیہ روسی مدد اور فنڈنگ سے ایک جوہری پلانٹ تعمیر کرے گا۔

شمالی کوریا کے رہنما کو تلوار اور شکریہ کا پیغام بھیجا گیا جبکہ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کو صرف ایک چھوٹا ڈبہ جس میں ہتھکڑیاں تھیں بطور تحفہ دیا گیا، جو ماسکو کے موقف اور ان کے تئیں رویے کی واضح عکاسی کرتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے کئی بار کہا ہے کہ ولودیمیرزیلنسکی غیر قانونی صدر ہیں کیونکہ ان کی مدت صدارت کئی مہینے قبل ختم ہو چکی ہے اور ملک میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات نہیں ہوئے۔