اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جیکب آباد ریلوے سٹیشن پر تعینات نابینا قلی اکبر علی جمالی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔ اکبر علی جمالی گزشتہ کئی برسوں سے اپنی کمسن بیٹی کے سہارے مسافروں کا سامان اٹھا کر روزی روٹی کما رہے تھے جس کی ویڈیو نے عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی …
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا جیکب آباد کے نابینا قلی کی وائرل ویڈیو پر نوٹس، بیٹے کے لیے ملازمت اور علاج کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جیکب آباد ریلوے سٹیشن پر تعینات نابینا قلی اکبر علی جمالی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔ اکبر علی جمالی گزشتہ کئی برسوں سے اپنی کمسن بیٹی کے سہارے مسافروں کا سامان اٹھا کر روزی روٹی کما رہے تھے جس کی ویڈیو نے عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی تھی۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اکبر علی جمالی کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کے بیٹے کو پاکستان ریلوے میں ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وفاقی وزیر نے نابینا قلی کی آنکھوں کے ممکنہ علاج کے لیے اپنی جیب سے مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست اپنے محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اکبر علی جمالی کو وزارت ریلوے میں ملاقات کے لیے بھی مدعو کیا ہے جہاں وہ خود ان کی مالی امداد اور بیٹے کی ملازمت کے حوالے سے امور کی نگرانی کریں گے۔








