سنگاپور کی نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کی جانب سے 2026ء کے لیے مکمل فنڈڈ انڈرگریجویٹ سکالرشپس کا اعلان

سنگاپور ۔29دسمبر (اے پی پی):دنیا کی معروف جامعات میں شمار ہونے والی نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (این ٹی یو)نے سال 2026ء کے لیے بین الاقوامی طلبہ کو مکمل فنڈڈ انڈرگریجویٹ سکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکالرشپ ان طلبہ کے لیے ہیں جو اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ قائدانہ صلاحیتوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں ریکارڈ رکھتے ہوں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس سکالرشپ کے تحت طلبہ …

سنگاپور ۔29دسمبر (اے پی پی):دنیا کی معروف جامعات میں شمار ہونے والی نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (این ٹی یو)نے سال 2026ء کے لیے بین الاقوامی طلبہ کو مکمل فنڈڈ انڈرگریجویٹ سکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکالرشپ ان طلبہ کے لیے ہیں جو اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ قائدانہ صلاحیتوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں ریکارڈ رکھتے ہوں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس سکالرشپ کے تحت طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ 6,500 سنگاپور ڈالر بطور گزارہ الائونس، رہائش کے لیے 2,000 سنگاپور ڈالر، کمپیوٹر الائونس 2,000 سنگاپور ڈالر جبکہ بیرون ملک تعلیمی پروگرام کے لیے 8,000 سنگاپور ڈالر تک سفری گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ سکالرشپ کے لیے آئی لیٹس کی شرط نہیں رکھی گئی جبکہ یہ سہولت دنیا کے تمام ممالک کے طلبہ کے لیے دستیاب ہے جن میں پاکستانی طلبہ بھی شامل ہیں۔ سکالرشپ حاصل کرنے کے لیے امیدوار کا کسی فل ٹائم انڈرگریجویٹ پروگرام میں داخلہ ضروری ہوگا۔

یونیورسٹی حکام کے مطابق، یہ سکالرشپ صرف ان نئے طلبہ کو دی جائے گی جو تعلیمی میدان میں غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہوں اور مستقبل میں قیادت کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ درخواست دینے کے خواہشمند امیدواروں کو پہلے این ٹی یو میں انڈرگریجویٹ داخلے کے لیے اپلائی کرنا ہوگا جس کے بعد سکالرشپ کی علیحدہ درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 مارچ 2026ء مقرر کی گئی ہے۔