اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ سال 2025ء میں پاکستان نے اسلامی مالیات کے شعبے میں تاریخی اور نمایاں پیش رفت کی ہے اور دو ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے سکوک جاری کئے گئے۔پیرکوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پرجاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ سال 2025ء میں وفاقی وزارت خزانہ نے اپنے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس اور جائنٹ فنانشل ایڈوائزرز کے تعاون …
سال 2025ء میں پاکستان نے اسلامی مالیات کے شعبے میں تاریخی اور نمایاں پیش رفت کی،دو ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے سکوک جاری کئے گئے، مشیرخزانہ خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزادنے کہاہے کہ سال 2025ء میں پاکستان نے اسلامی مالیات کے شعبے میں تاریخی اور نمایاں پیش رفت کی ہے اور دو ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے سکوک جاری کئے گئے۔پیرکوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پرجاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ سال 2025ء میں وفاقی وزارت خزانہ نے اپنے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس اور جائنٹ فنانشل ایڈوائزرز کے تعاون سے دو ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے سکوک جاری کئے جو 2008ء کے بعد کسی ایک کیلنڈر سال میں پاکستان کی جانب سے بڑے سکوک کا اجراء ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ غیر معمولی کامیابی پاکستان کے اسلامی مالیاتی نظام میں ایک بڑے بریک تھرو کی حیثیت رکھتی ہے اوریہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک اسلامی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط اور متنوع بنانے کی سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 61 اجراء کے ذریعہ ایک،تین،5 اور دس سالہ مدت کیلئے دو ٹریلین روپے سے زائد کے سکوک جاری کئے گئے۔خرم شہزادنے کہاکہ کیلنڈرسال کے دوران پاکستان نے اپنا پہلا گرین سکوک بھی کامیابی سے لانچ کیا، جسے سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی اور یہ 5.4 گنا زیادہ سبسکرائب ہوا۔گرین سکوک کے کیش فلو کیلئے پاکستان ریلوے، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی،کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، پا کستان سپورٹس بورڈ اورکراچی پورٹ ٹرسٹ کے اثاثے بطور بنیاد استعمال کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان کی اسلامی کیپیٹل مارکیٹ نہ صرف وسعت اختیار کر رہی ہے بلکہ اس میں گہرائی اور تسلسل بھی پیدا ہو رہا ہے۔ حکومتی سکیورٹیز پورٹ فولیو میں شریعہ کمپلائنٹ آلات کا حصہ دسمبر 2025ء تقریباً 14.5 فیصدتھا جبکہ جون 2025ء میں یہی شرح 12.6 فیصدکی قریب تھی، وزارت خزانہ نے 2028تک اس شرح کو20فیصدتک بڑھانے کاہدف مقررکیاہے،جون 2025ء سے دسمبر 2025ء کے درمیان شریعہ کمپلائنٹ آلات کے حصے میں نمایاں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وزارت خزانہ اپنے ہدف کے حصول کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
یہ پیش رفت حکومتی اندرونی قرضہ جاتی پورٹ فولیو میں اسلامی مالیاتی آلات کے بڑھتے ہوئے کردار کو واضح کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تاریخی سنگ میل نہ صرف سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کی عکاسی کررہاہے بلکہ پاکستان کے خودمختار قرضہ جاتی انتظام کو بھی مزید مستحکم بناتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مستحکم ہوتی ہوئی کلی معیشت کی صورتحال، نظم و ضبط پر مبنی قرضہ جاتی حکمت عملی اور اسلامی مالیات کے لیے واضح روڈ میپ کے ساتھ پاکستان ایک زیادہ مضبوط، متنوع اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ حکومتی سکیورٹیز مارکیٹ کے قیام کیلئے اقدامات کر رہاہے۔








