سوشل پروٹیکشن والٹ کیلئے فراہم کی جانے والی سم بالکل مفت ہے ، سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے لیے فراہم کی جانے والی سم بالکل مفت ہے اس میں کسی قسم کی کٹوتی یا فیس کی اجازت نہیں ہے، یہ سم آپ کا بٹوہ ہے ،اس کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنمنٹ جامعہ ہائی …

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے لیے فراہم کی جانے والی سم بالکل مفت ہے اس میں کسی قسم کی کٹوتی یا فیس کی اجازت نہیں ہے، یہ سم آپ کا بٹوہ ہے ،اس کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنمنٹ جامعہ ہائی سکول شیخوپورہ میں قائم کیمپ سائٹ کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے،بی بی شہید ایک بہادر خاتون تھیں جنہوں نے اپنے ملک اور عوام کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بی بی شہید کی جدوجہد سے ہمت اور دلیری سیکھیں اور اپنے ساتھ ہونے والی ہر ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوں۔

دورے کے موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کیمپ سائٹ پر موجود مستحق خواتین سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر موجود متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت کی کہ خواتین کے مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ مفت سموں کی فراہمی کے عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے عملے سے کہا کہ خواتین میں آگاہی کو مزید موثر بنائیں تاکہ مستحق خواتین اپنے حقوق سے مکمل طور پر باخبر رہیں اور سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے اپنی رقوم محفوظ اور باوقار انداز میں وصول کر سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کو بااختیار بنانے، شفاف ادائیگی کے نظام کو فروغ دینے اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔