عالمی ریکارڈ یافتہ سلطان گولڈن نےاپنے ریکارڈز پاکستان اور پاک فوج کے نام کر دیئے

کوئٹہ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے معروف اسٹنٹ مین اور ریورس ڈرائیونگ میں عالمی سطح پر نمایاں کارنامے انجام دینے والے سلطان گولڈن نے اپنے ریکارڈز پاکستان اورپاک فوج کے نام کر دیے۔ سلطان گولڈن نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز وہ اپنی سرزمین، قوم اور پاک فوج کے نام اس لیے منسوب کر رہے ہیں …

کوئٹہ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے معروف اسٹنٹ مین اور ریورس ڈرائیونگ میں عالمی سطح پر نمایاں کارنامے انجام دینے والے سلطان گولڈن نے اپنے ریکارڈز پاکستان اورپاک فوج کے نام کر دیے۔ سلطان گولڈن نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز وہ اپنی سرزمین، قوم اور پاک فوج کے نام اس لیے منسوب کر رہے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے بتایا کہ بچپن میں فٹبال کھیلنے کا شوق تھا، تاہم فلموں میں موٹرسائیکل جمپس دیکھنے کے بعد اس شعبے کی طرف راغب ہوئے۔ گھر میں موٹرسائیکلوں کی دستیابی کے باعث عملی مشق کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ پشین میں موٹرسائیکل جمپ کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں 1980 کی دہائی میں سبی کے تاریخی میلے سمیت مختلف قومی سطح کے ایونٹس میں شرکت کی۔

سلطان گولڈن کے مطابق انہوں نے 1987 میں ایک طویل موٹرسائیکل جمپ کا مظاہرہ کیا جو اس وقت کے عالمی معیار سے زیادہ تھا اور اسے عالمی ریکارڈ کے طور پر پیش کیا گیا۔ اسی طرح 1990 کی دہائی میں فیصل آباد میں پہلی مرتبہ ریورس جمپ کا عملی مظاہرہ کیا، جسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔انہوں نے بتایا کہ 2022 میں ریورس اسپیڈ کے حوالے سے ایک نمایاں کارنامہ انجام دیا جس میں گاڑی میں کسی قسم کی موڈیفکیشن شامل نہیں تھی۔ کوئٹہ میں انہوں نے ریورس ڈرائیونگ کے دو بڑے ریکارڈز قائم کیے، جن میں ایک ریورس اسپیڈ کا مظاہرہ شامل ہے جو انہوں نے پاکستان کے نام کیا، جبکہ ریورس جمپ کا کارنامہ افواجِ پاکستان کے نام منسوب کیا۔

سلطان گولڈن کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعلی بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے آئندہ پروگرامز کے انعقاد کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے اور وہ ہر کارنامہ اسی یقین کے ساتھ انجام دیتے ہیں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ سلطان گولڈن نے 121 فٹ کی ریورس جمپ کی ہے جبکہ انہوں نے ریورس گاڑی چلاتے ہوئے 57 سیکنڈز میں ایک میل کا فاصلہ طے کیا۔