فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی عالمی سطح پر غیر معمولی طلب، 15 کروڑ درخواستوں کے ساتھ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

زیورخ۔29دسمبر (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹکٹوں کی طلب نے فٹ بال کی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈ پاش پاش کر دیے ہیں۔'رینڈم سلیکشن ڈرا' کے جاری مرحلے کے دوران اب تک دنیا کے 200 سے زائد ممالک کے فٹ بال شائقین کی جانب سے 15 کروڑ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ یہ غیر معمولی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ …

زیورخ۔29دسمبر (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹکٹوں کی طلب نے فٹ بال کی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈ پاش پاش کر دیے ہیں۔’رینڈم سلیکشن ڈرا’ کے جاری مرحلے کے دوران اب تک دنیا کے 200 سے زائد ممالک کے فٹ بال شائقین کی جانب سے 15 کروڑ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ یہ غیر معمولی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ موجودہ مرحلے میں ٹکٹوں کی طلب دستیابی کے مقابلے میں 30 گنا سے بھی زیادہ ہے، جو کہ 1930 سے اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ میچوں کے مجموعی تماشائیوں کی تعداد سے بھی کئی گنا زائد ہے۔فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صرف پہلے 15 دنوں میں 15 کروڑ درخواستوں کا موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ کرہ ارض کا سب سے بڑا اور جامع ترین میلہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شائقین کا یہ والہانہ ردعمل فٹ بال کے کھیل سے ان کی عالمی محبت کی عکاسی کرتا ہے اور شمالی امریکہ میں ہونے والا یہ ایونٹ دنیا کو اتحاد کے ایک نئے رنگ میں جوڑ کر تاریخ رقم کرے گا۔ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 11 جون 2026 کو ہوگا، جو 19 جولائی تک کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے 16 میزبان شہروں میں جاری رہے گا۔ اس میگا ایونٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں 104 میچز میں مدمقابل ہوں گی۔ ٹکٹوں کے حصول کے لیے ‘رینڈم سلیکشن ڈرا’ کا موجودہ مرحلہ 13 جنوری 2026 تک جاری رہے گا، جس کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

اس مرحلے میں پہلے یا آخر میں درخواست دینے سے کامیابی کے امکانات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا تاکہ تمام شائقین کو برابر کا موقع مل سکے۔فیفا نے اس بار شائقین کے لیے قیمتوں میں بھی خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام 104 میچوں (بشمول فائنل) کے لیے ایک مخصوص کیٹیگری کی قیمت 60 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے تاکہ کھیل کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لیے سستا بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ وہ شائقین جو پرتعیش تجربہ چاہتے ہیں، ان کے لیے ہاسپیٹلٹی اور قطر ایئرویز کے ذریعے سفری پیکجز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ فیفا اس ایونٹ سے ہونے والی آمدنی کا 90 فیصد سے زائد حصہ دنیا بھر میں فٹ بال کی ترقی اور فروغ پر خرچ کرے گا۔

 

مزید خبریں