پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) اور آزاد کشمیر محکمہ منصوبہ بندی وترقی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے محکمہ منصوبہ بندی وترقی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ پی ای سی گریجویٹ انجینئر ٹرینی (جی ای ٹی) پلیسمنٹ پروگرام کو اے جے کے کے کلیدی انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس میں نافذ کیا جائے۔یہاں جاری بیان کے مطابق ایم او یو پر پی ای سی کے ہیڈ کارپورٹ افیئرز …

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے محکمہ منصوبہ بندی وترقی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ پی ای سی گریجویٹ انجینئر ٹرینی (جی ای ٹی) پلیسمنٹ پروگرام کو اے جے کے کے کلیدی انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس میں نافذ کیا جائے۔یہاں جاری بیان کے مطابق ایم او یو پر پی ای سی کے ہیڈ کارپورٹ افیئرز یونٹ انجینئر محمد سہیل خان اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) عاطف رحمان نے دستخط کئے۔ تقریب میں چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر اور چیف سیکریٹری اے جے کے کشال خان، رجسٹرار پی ای سی انجینئر خادم حسین بھٹی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گریجویٹ انجینئرز کو اہم انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس میں تعینات کرے گا، جن میں سینٹرل ڈیزائن آفس (سی ڈی او)، کمیونیکیشن اینڈ ورکس (ہائی ویز)، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ حکومتِ اے جے کے، الیکٹرسٹی ڈیپارٹمنٹ اے جے کے، پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، مشینری ڈویژن (پی ڈبلیو ڈی)، اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ حکومتِ اے جے کے شامل ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نئے انجینئرنگ گریجویٹس کو منظم، نگرانی کے تحت اور عملی تجربہ پر مبنی تربیت فراہم کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ای سی چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ جی ای ٹی پروگرام، جو طبی گریجویٹس کے لیے "ہاؤس جاب” نظام کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جس میں پانچ ماہ فیلڈ بیسڈ لرننگ اور ایک ماہ مہارتوں (سافٹ سکلز) کی ترقی پر توجہ دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملازمت کی صلاحیت کو بڑھانے، تکنیکی قابلیت کو مضبوط کرنے اور نوجوان انجینئرز کو انجینئرنگ سیکٹر کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق بہتر طور پر تیار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔چیف سیکریٹری اے جے کے نے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی تربیت سیکھنے اور عملی اطلاق کے درمیان خلا کو ختم کرنے میں مدد دے گا، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں عوامی شعبے کے اداروں کی تکنیکی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ انجینئرز علاقے بھر میں ترقیاتی منصوبوں اور سروس ڈلیوری میں زیادہ مؤثر طریقے سے حصہ ڈالیں گے۔

ایم او یو کے دستخط کو اے جے کے میں انجینئرنگ کمیونٹی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔پی ای سی اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے گریجویٹ انجینئر ٹرینی پلیسمنٹ پروگرام سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ایک ہنرمند، پراعتماد اور انڈسٹری کے لیے تیار انجینئرنگ ورک فورس تیار کرے گا جو علاقے کے طویل مدتی ترقیاتی مقاصد کی حمایت کرے گا۔