پاکستان کی اقوام متحدہ میں اسرائیل کی صومالی لینڈکو تسلیم کرنے کی مذمت، قرن افریقہ میں استحکام کے لیے خطرہ قرار

اقوام متحدہ ۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست تسلیم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ قرن افریقہ میں استحکام کے لیے خطرہ اور موغادیشو کی خودمختاری و سیاسی اتحاد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہاکہ صومالی لینڈ علاقہ صومالیہ کا لازمی، اٹوٹ اور ناقابلِ …

اقوام متحدہ ۔30دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست تسلیم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ قرن افریقہ میں استحکام کے لیے خطرہ اور موغادیشو کی خودمختاری و سیاسی اتحاد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہاکہ صومالی لینڈ علاقہ صومالیہ کا لازمی، اٹوٹ اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے اور کوئی بیرونی طاقت اس حقیقت کو بدلنے کا قانونی یا اخلاقی حق نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل کا یہ اقدام انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کا فلسطینی زمین پر قبضہ دہائیوں سے مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام اور تنازعات کا بنیادی سبب رہا ہے اور اب یہ قرن افریقہ میں بھی غیر مستحکم رویہ منتقل کر رہا ہے۔سفیر عثمان جدون نے پاکستان کی لازوال اور مستحکم حمایت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر حسن شیخ محمود کی قیادت میں صومالیہ نے قومی مصالحت، آئینی اصلاحات اور ریاستی اداروں کی بحالی میں نمایاں ترقی کی ہے۔ اقتصادی قوانین اور سب کے ووٹ کے اصول پر انتخابات کی تیاری سمیت مالیاتی شعبے میں مثبت پیش رفت بھی اہم اقدامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ٹرانزیشنل اسسٹنس مشن ان صومالیہ (یواین ٹی ایم آئی ایس ) کی پہلے مرحلے کی ذمہ داریاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ دوسرے اور آخری مرحلے کا روڈ میپ حتمی ہے۔ مشن کی سرگرمیاں 31 اکتوبر 2026 کو ختم ہوں گی۔پاکستان نے صومالی عوام اور ان کی سکیورٹی فورسز کی قربانی اور عزم کی بھی ستائش کی، جو اے یو این یو مشنز کی معاونت سے شدت پسند تنظیم الشباب اور اس کی شاخوں کے خطرات سے نمٹ رہی ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ یہ مثبت پیش رفت محفوظ اور مضبوط ہونی چاہیے، نہ کہ ایسے اقدامات سے متاثر ہو جو ملک کو تقسیم کریں۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے جائز حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پائیدار امن اور استحکام کا واحد راستہ فلسطین کی آزاد، متصل اور خودمختار ریاست کے قیام میں ہے جو 1967 کی سرحدوں پر مبنی ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔