سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہیبت الحلبوسی کو عراقی پارلیمنٹ کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہیبت الحلبوسی کو جمہوریہ عراق کی کونسل آف ریپریزنٹیٹوز کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہیبت الحلبوسی کا سپیکر کے طور پر انتخاب عراق کی پارلیمنٹ اور عوام کے ان پر اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہیبت الحلبوسی کی قیادت میں …

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہیبت الحلبوسی کو جمہوریہ عراق کی کونسل آف ریپریزنٹیٹوز کا سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہیبت الحلبوسی کا سپیکر کے طور پر انتخاب عراق کی پارلیمنٹ اور عوام کے ان پر اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہیبت الحلبوسی کی قیادت میں عراقی پارلیمنٹ عراق کے عوام کی فلاح و بہبود، جمہوری اقدار اور شفاف حکمرانی کے فروغ میں موثر کردار ادا کرے گی۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ تعلقات مشترکہ مذہب، باہمی احترام اور بھائی چارے کی مضبوط بنیاد پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نو منتخب عراقی سپیکر کی قیادت میں دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط مزید مستحکم اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے۔سپیکر نے ہیبت الحلبوسی کے لیے نیک خواہشات اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بطور سپیکر بخوبی انجام دیتے ہوئے عراقی عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں موثر کردار ادا کریں گے۔