اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر و سپیکر آزاد …
اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، رانا قاسم نون

مزید خبریں
اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر و سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء، سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور آزاد جموں کشمیر کی جامعات کے وائس چانسلرز بھی موجودتھے۔
اجلاس میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی و وفاقی وزیر رانا قاسم نون کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کروائی گئی۔اس موقع پر چیئرمین کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے،مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے نوجوانوں، دانشوروں اور میڈیا کا متحدہ بیانیہ ناگزیر ہے۔انہوں نےکہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات میں تحقیق، معیار تعلیم اور ایکسیلینس کو فروغ دینا چاہیے،قومی نصاب میں کشمیر سٹڈیز، کشمیری ثقافت اور آزادی جموں و کشمیر کے موضوعات شامل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر سے آگاہی ضروری ہے۔رانا قاسم نون نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی قومی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نےکہا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی کارکردگی قابل تحسین ہے،کشمیری عوام درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہیں،آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین قابض افواج معصوم کشمیریوں کا خون بہا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم میں کشمیری زبان، ثقافت اور تہذیب کی شمولیت ناگزیر ہے،آزاد کشمیر کی جامعات کو مالی استحکام دینے کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت ضروری ہے۔








