وکلاء برادری عدالتی نظام کا اہم ستون ہے ،حکومت ان کی مشاورت سے اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتی ہے،وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلا برادری عدالتی نظام کا اہم ستون ہے اور حکومت ان کی مشاورت سے اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتی ہے، حکومت وکلاء برادری کے مسائل کے حل، قانونی اصلاحات کے فروغ اور قانون کی بالادستی کے لیے بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ قریبی اور مسلسل رابطہ برقرار رکھے گی۔ترجمان کے مطابق ان …

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلا برادری عدالتی نظام کا اہم ستون ہے اور حکومت ان کی مشاورت سے اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتی ہے، حکومت وکلاء برادری کے مسائل کے حل، قانونی اصلاحات کے فروغ اور قانون کی بالادستی کے لیے بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ قریبی اور مسلسل رابطہ برقرار رکھے گی۔ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وکلاء کی فلاح و بہبود، قانونی نظام کی بہتری اور ملک میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وکلاء کے وفد نے وکلاء کی بہتری اور قانون و انصاف کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے موجودہ حکومت کے عملی اقدامات کو سراہا۔ وفد کا کہنا تھا کہ حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کے باعث وکلاء کو درپیش مسائل کے حل میں پیش رفت اور پیشہ ورانہ ماحول میں بہتری ممکن ہو رہی ہے۔ملاقات کے دوران قانونی اداروں میں جاری تعمیراتی اور توسیعی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی جن کا مقصد وکلا کو بہتر سہولتیں اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے۔

دونوں جانب سے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ وکلاء برادری عدالتی نظام کا اہم ستون ہے اور حکومت ان کی مشاورت سے اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔