منامہ۔31دسمبر (اے پی پی):بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات نے گیس دار مشروبات اور انرجی ڈرنکس پر ٹیکس اور ضابطہ جاتی پالیسیوں کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں انتخابی ٹیکس میں اضافہ یا فروخت اور تشہیر پر سخت پابندیاں شامل ہیں، جس کا مقصد استعمال میں کمی اور صحت عامہ کا تحفظ ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انتخابی ٹیکس ان اشیا پر عائد کیا جاتا ہے …
بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کا انرجی ڈرنکس پر ٹیکس اور ضابطہ جاتی پالیسیوں کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
منامہ۔31دسمبر (اے پی پی):بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات نے گیس دار مشروبات اور انرجی ڈرنکس پر ٹیکس اور ضابطہ جاتی پالیسیوں کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں انتخابی ٹیکس میں اضافہ یا فروخت اور تشہیر پر سخت پابندیاں شامل ہیں، جس کا مقصد استعمال میں کمی اور صحت عامہ کا تحفظ ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق انتخابی ٹیکس ان اشیا پر عائد کیا جاتا ہے جو صحت عامہ یا ماحول پر منفی اثرات ڈالتی ہیں اور یہ مختلف تناسب کے ساتھ نافذ ہوتا ہے۔ ان اشیا میں گیس دار مشروبات، انرجی ڈرنکس، میٹھے مشروبات، الیکٹرانک سگریٹ اور ان سے متعلق آلات، ان میں استعمال ہونے والے مائعات، تمباکو اور اس کی مصنوعات شامل ہیں۔بحرینی کابینہ نےگیس دار مشروبات پر انتخابی ٹیکس میں اضافے سے متعلق مسودہ قانون قانون ساز ادارے کو ارسال کیا، جو طے شدہ قانون سازی ہم آہنگی کے مطابق ہے۔
ادھر متحدہ عرب امارات کی حکومت نے آئندہ ماہ یکم جنوری سے میٹھے مشروبات پر انتخابی ٹیکس کے حساب کے نئے طریقہ کار کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ طریقہ کار حجم تدریجی ماڈل پر مبنی ہے جس کے تحت ہر لیٹر میٹھے مشروب پر عائد ٹیکس کو ہر 100 ملی لیٹر میں چینی اور دیگر مٹھاس کی مجموعی مقدار سے جوڑا جائے گا۔وفاقی ٹیکس اتھارٹی نے وضاحت کی کہ نئے قواعد کے تحت میٹھے مشروبات کو چار درجوں میں تقسیم کر کے ان پر انتخابی ٹیکس عائد کیا جائے گا، نمبر ایک زیادہ چینی والے میٹھے مشروبات جن میں ہر 100 ملی لیٹر میں 8 گرام یا اس سے زیادہ چینی اور دیگر مٹھاس شامل ہو، ان پر فی لیٹر 1.09 درہم ٹیکس ہوگا۔
نمبر دودرمیانی مقدار کی چینی والے میٹھے مشروبات جن میں ہر 100 ملی لیٹر میں 5 گرام یا اس سے زیادہ مگر 8 گرام سے کم چینی اور دیگر مٹھاس ہو، ان پر فی لیٹر 0.79 درہم ٹیکس عائد ہوگا۔ نمبر تین کم چینی والے میٹھے مشروبات جن میں ہر 100 ملی لیٹر میں 5 گرام سے کم چینی اور دیگر مٹھاس ہو، ان پر فی لیٹر صفر درہم ٹیکس ہوگا۔نمبر چار صنعتی طور پر میٹھے بنائے گئے مشروبات جن میں صرف مصنوعی مٹھاس شامل ہو یا جن میں چینی اور دیگر مٹھاس کی مقدار ہر 100 ملی لیٹر میں 5 گرام سے کم ہو، ان پر بھی فی لیٹر صفر درہم ٹیکس ہوگا۔دوسری جانب کویتی وزارت صحت نے انرجی ڈرنکس کی فروخت اور ترسیل کو منظم کرنے سے متعلق وزارتی فیصلہ جاری کیا۔
اس فیصلے کے تحت ان مشروبات کی فروخت صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد تک محدود ہوگی اور ایک فرد کو روزانہ زیادہ سے زیادہ دو کین خریدنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ ایک کین میں کیفین کی مقدار 80 ملی گرام سے زیادہ نہ ہو۔فیصلے میں مصنوعات تیار کرنے والوں اور درآمد کنندگان کو واضح صحت سے متعلق انتباہات درج کرنے کا پابند بنایا گیا ہے جبکہ انرجی ڈرنکس سے متعلق اشتہارات اور سپانسرشپس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں ان کی فروخت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریسٹورنٹس، کیفے، دکانوں، فوڈ ٹرکس اور خودکار مشینوں میں بھی انرجی ڈرنکس کی فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے۔ آن لائن ڈیلیوری پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم انہیں صرف کوآپریٹو سوسائٹیز اور متوازی مارکیٹس میں مخصوص مقامات پر سخت نگرانی کے تحت فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے بشرطیکہ عمر اور مقدار سے متعلق ضوابط کی مکمل پابندی کی جائے۔








