اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے سال 2025 کے دوران مہنگائی کے خلاف 6 ہزار 814 گرفتاریاں، 472 دکانوں کی سیلنگ، 47 لاکھ سے زائد جرمانے اور 9 ہزار 617 غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلاء جیسے نمایاں اقدامات کے ساتھ سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق شہری نظم و ضبط، قیمتوں کے کنٹرول اور قانون کی عملداری کے لیے سال بھر بھرپور کارروائیاں …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے سال 2025 کے دوران مہنگائی کے خلاف 6 ہزار 814 گرفتاریاں، 472 دکانوں کی سیلنگ، 47 لاکھ سے زائد جرمانے اور 9 ہزار 617 غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلاء جیسے نمایاں اقدامات کے ساتھ سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق شہری نظم و ضبط، قیمتوں کے کنٹرول اور قانون کی عملداری کے لیے سال بھر بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔سال 2025 میں مہنگی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے پر 6,814 گراں فروش گرفتار کیے گئے۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے کارروائیوں کے دوران 472 دکانیں سیل کیں جبکہ سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی یا نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے پر 47 لاکھ 77 ہزار 510 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔انسداد گداگری مہم کے تحت شہر بھر سے 1,795 پیشہ ور بھکاری گرفتار کر کے حوالات منتقل کیے گئے۔ اسی طرح مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 193 دکانیں سیل اور 216 افراد گرفتار کیے گئے۔پیٹرول کی سرکاری قیمت اور پیمانے کی خلاف ورزی پر 14 پیٹرول پمپ سیل کیے گئے جبکہ 6 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی پیٹرول ایجنسیز کے خلاف کارروائیوں میں 86 مقامات سیل اور 86 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ایک سال کے دوران 54 انڈور شیشہ کیفے سیل کیے گئے، 1 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 130 کو پرمٹ جاری کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں مجموعی طور پر 9,617 غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کا انخلاء بھی یقینی بنایا گیا۔ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ایک سال کے دوران 817 مختلف سرکاری و نجی ایونٹس اور سرجریز کے علاوہ 4 پیٹرول پمپس کو این او سی جاری کیے۔

اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات پر متعدد افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ سال بھر انسداد تجاوزات، ڈینگی، پولیو سمیت اہم مہمات میں سرگرم رہی۔ شہر کو محفوظ بنانے کے لیے ایم ٹیگ مہم، وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت انسپکشنز اور ہاؤس ہولڈ سروے کا آغاز بھی کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔شہریوں کو بہترین خدمات کی فراہمی پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ شہریوں کی خدمت اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔