ٹی ٹی ایس سکیل کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تنخواہوں کو مارکیٹ کے مطابق مسابقتی بنایا جائے گا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت تعلیمی اداروں میں بھرتیوں کے لیے پے انگ سکیل نظام کے جائزہ کے لیے قائم ٹاسک فورس کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ٹی ایس سکیل کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تنخواہوں کو مارکیٹ کے مطابق مسابقتی بنایا جائے گا۔ انہوں نے …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت تعلیمی اداروں میں بھرتیوں کے لیے پے انگ سکیل نظام کے جائزہ کے لیے قائم ٹاسک فورس کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ٹی ایس سکیل کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تنخواہوں کو مارکیٹ کے مطابق مسابقتی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومتوں میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو خطیر فنڈز مہیا کئے گئے ہیں، صوبائی حکومتوں کو بھی ہائیر ایجوکیشن کے شعبہ میں مزید ذمہ داری اٹھانی ہو گی ۔ احسن اقبال نے ہدایت کی کہ قابل اور باصلاحیت اساتذہ کو کارکردگی کی بنیاد پر مراعات دینے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت اساتذہ کی تعلیمی اداروں میں خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کا معیار اساتذہ کے معیار سے جڑا ہے، اعلیٰ تعلیمی ادارے ملک کے معاشی مسائل کے حل میں کردار ادا کریں۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پروموشن کے نظام کو مکمل طور پر مسابقت کی بنیاد پر ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اعلیٰ تعلیم میں داخلہ شرح 13 فیصد سے کم ہے اس میں تین گنا اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ یو ایس پاکستان اور یو کے نالج کوریڈور کا قیام انسانی وسائل کے معیار میں بہتری کے لیے کیا گیا، چین سمیت عالمی شراکت داروں کے ساتھ ملکر اعلیٰ سطح کی افرادی قوت کی تیاری کا بندوبست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ اب سافٹ پاور کا اہم عنصر بن چکا ہے، بیرون ممالک سے سٹوڈنٹس پاکستان راغب کئے جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2026 سے یونیورسٹیوں کی کارکرگی کے آڈٹ اور درجہ بندی کا آغاز کیا جائے ۔