چین اور روس کے ما بین نئے شعبوں میں تعاون تیزی سے بڑھا ہے ، چینی صدر

بیجنگ۔31دسمبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئے سال کی آمد پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیاہے۔سی جی ٹی این کے مطابق بدھ کو شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال 2025 اقوام متحدہ کی 80 ویں سالگرہ کا سال رہا، چین اور روس دونوں ممالک نے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ، سوویت یونین کی …

بیجنگ۔31دسمبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئے سال کی آمد پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیاہے۔سی جی ٹی این کے مطابق بدھ کو شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال 2025 اقوام متحدہ کی 80 ویں سالگرہ کا سال رہا، چین اور روس دونوں ممالک نے جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ، سوویت یونین کی عظیم حب الوطنی کی جنگ اور فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ پر شاندار تقریبات منعقد کیں، جو امن ، انصاف اور عوام کی فتح کا بھرپور اعلان تھا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 چین اور روس کے درمیان نئے دور میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوط ترقی کا سال بھی رہا، ہم نے بیجنگ اور ماسکو میں دو مرتبہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر گہرا تبادلۂ خیال کیا۔

چین اور روس کے درمیان ویزا استثنیٰ کی پالیسی نافذ ہوئی، توانائی کے راستوں کی تعمیر مستحکم رفتار سے آگے بڑھی اور نئے شعبوں میں تعاون تیزی سے پھیلا۔ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ سمیت کثیرجہتی فریم ورک میں ایک دوسرے کی حمایت کی اور عالمی گورننس میں اصلاحات اور بہتری کے لیے اپنی دانش اور طاقت پیش کی۔شی جن پنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ سال 2026 میں چین روس اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کی 30ویں سالگرہ اور "چین روس اچھی ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کے معاہدے” پر دستخط کی 25 ویں سالگرہ ہوگی۔ دونوں ممالک 2026 سے 2027 کے درمیان "چین روس تعلیمی سال” کا انعقاد کریں گے۔

چینی صدر نے کہا کہ وہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور نئے دور میں چین روس تعلقات کو نئے نتائج تک پہنچانے کی قیادت کرنے کے خواہش مند ہیں۔روسی صدر نے بھی شی جن پنگ کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال چین اور روس کے درمیان تعلقات کا اچھا ترقیاتی رجحان برقرار رہا اور ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ۔انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور اہم بین الاقوامی مسائل پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ چینی وزیر اعظم لی چیانگ اور روسی وزیر اعظم میشوسٹن نے بھی ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی۔

 

مزید خبریں