ڈھاکا۔31دسمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئر پرسن بیگم خالدہ ضیا کو بدھ کی سہ پہر دارالحکومت ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نگر میں ان کے شوہر اور مرحوم صدر ضیاء الرحمان کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر ان کے خاندان کے افراد، اعلیٰ سرکاری حکام، غیر ملکی مہمان، سفارت کار اور بی …
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نگر میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

مزید خبریں
ڈھاکا۔31دسمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئر پرسن بیگم خالدہ ضیا کو بدھ کی سہ پہر دارالحکومت ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نگر میں ان کے شوہر اور مرحوم صدر ضیاء الرحمان کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر ان کے خاندان کے افراد، اعلیٰ سرکاری حکام، غیر ملکی مہمان، سفارت کار اور بی این پی کے نامزد کردہ سیاستدان موجود تھے۔
اس سے قبل ان کی نماز جنازہ جاتیہ سنگساد بھابن کے سائوتھ پلازہ میں مانک میا ایونیو میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ان کی نماز جنازہ معروف عالم دین اور بیت المکرم مسجد کے خطیب مفتی محمد عبدالملک نے پڑھائی۔نماز جنازہ میں چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، عبوری حکومت کے مشیر، بی این پی رہنمائوں ، دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور تینوں افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان، بھارت اور دیگر جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے نمائندوں نے بھی ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
وہ گزشتہ ایک ماہ سے سخت علیل تھیں اور جگر اور گردے کی پیچیدگیوں، دل کے امراض ،بلڈ پریشر، ذیابیطس، گٹھیا اور انفیکشن جیسی پیچیدگیوں کے باعث ایور کیئر ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ بیگم خالدہ ضیاء نے 41 سال تک بی این پی کی قیادت کی ۔ وہ پانچ بار رکن پارلیمنٹ ، تین بار وزیر اعظم اور دو بار اپوزیشن لیڈر رہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت نےان کے انتقال پر بدھ کو عام تعطیل اور قومی سوگ کا اعلان کیا تھا۔








