اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بدھ کو وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے سکولوں میں معیاری تعلیم اور جدت کے فروغ کے لیے ایف ڈی ای کوالٹی ایجوکیشن اینڈ انوویشن روڈمیپ کا باضابطہ اجرا ءکیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای سید جنید …
وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایف ڈی ای سکولوں میں معیاری تعلیم کے لیے روڈمیپ کا اجرا ءکر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بدھ کو وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے سکولوں میں معیاری تعلیم اور جدت کے فروغ کے لیے ایف ڈی ای کوالٹی ایجوکیشن اینڈ انوویشن روڈمیپ کا باضابطہ اجرا ءکیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای سید جنید اخلاق، اور ایف ڈی ای و پروجیکٹ کوآرڈینیشن یونٹ (پی سی یو) کے سینئر افسران موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت تعلیمی نظام میں اصلاحات کے ذریعے بچوں کو معیاری، مساوی اور جدید تعلیم کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ روڈمیپ طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔وفاقی سیکرٹری ندیم محبوب نے کہا کہ یہ روڈمیپ قومی تعلیمی وژن سے ہم آہنگ ہےجس کا مقصد تعلیمی نظام میں مساوات اور معیار کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روڈمیپ پانچ باہم مربوط ستونوں پر مشتمل ہےجن کے ذریعے انتظامی اور پائیدار اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ ان ستونوں میں ڈیجیٹل اور جدید تعلیمی طریقے، پالیسی سازی اور نظرِ ثانی اور طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای سید جنید اخلاق نے کہا کہ اس روڈمیپ کے نفاذ سے وفاقی تعلیمی اداروں میں تدریسی معیار بہتر ہوگا اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی ای تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے اس منصوبے کو کامیابی سے عملی جامہ پہنائے گا۔تقریب کے اختتام پر حکام نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ روڈمیپ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔








