پاکستان کا یمن میں تشدد کی دوبارہ شدت پر گہری تشویش کا اظہار، کشیدگی میں کمی اور یمن میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے علاقائی کوششوں کا خیرمقدم

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے یمن میں تشدد کی دوبارہ شدت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور یمن میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے ۔ بدھ کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے ، نیز ملک میں دیرپا …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے یمن میں تشدد کی دوبارہ شدت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور یمن میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے ۔ بدھ کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے ، نیز ملک میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی تائید کرتا ہے۔اس ضمن میں پاکستان کسی بھی یمنی فریق کی جانب سے ایسے یکطرفہ اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید بگاڑنے، امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے اور یمن کے ساتھ ساتھ خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کا باعث بنیں۔

بیان کے مطابق پاکستان صورتحال میں کشیدگی کم کرنے اور یمن میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مملکت کی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان یمن کے مسئلے کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی اپنی مضبوط حمایت اور اس امید کا اظہار کرتا ہے کہ یمن کے عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر جامع اور پائیدار تصفیے کی جانب پیش رفت کریں گی تاکہ خطے کے استحکام کو محفوظ بنایا جا سکے۔