اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے نئے سال 2026ء کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال پاکستان کے لیے امید، استحکام اور آگے بڑھنے کے نئے امکانات لے کر آیا ہے، دعا ہے کہ آنے والا سال ملک میں امن، معاشی بہتری اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے۔ نئے سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں …
قوم کو نئے سال کی مبارکباد،قومی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے باہمی برداشت، رواداری اور سماجی ہم آہنگی ناگزیر ہے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

مزید خبریں
اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے نئے سال 2026ء کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال پاکستان کے لیے امید، استحکام اور آگے بڑھنے کے نئے امکانات لے کر آیا ہے، دعا ہے کہ آنے والا سال ملک میں امن، معاشی بہتری اور عوامی خوشحالی کا باعث بنے۔ نئے سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں انہوں نےکہا کہ نیا سال ہمیں ماضی کے تجربات سے سیکھتے ہوئے مستقبل کے لیے واضح سمت متعین کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان آئینی ذمہ داریوں کے تحت جمہوری اقدار کے استحکام، قانون کی بالادستی اور عوامی فلاح کے لیے اپنا کردار پوری سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2025ء کے دوران پاکستان کو علاقائی کشیدگی اور جنگی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تاہم پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان کے اصولی، ذمہ دارانہ اور مدبرانہ موقف کو عالمی سطح پر سنا گیا اور تسلیم کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس عرصے میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جس سے نہ صرف ملکی وقار میں اضافہ ہوا بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت مزید مضبوط ہوئی۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جو مسلسل ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام کو جنگ کے ساتھ ساتھ شدید موسمیاتی اثرات، خصوصاً موسلا دھار بارشوں اور انسانی بحران کا بھی سامنا ہے جس نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والا سال فلسطین اور کشمیر کے عوام کے لیے آزادی، امن اور انصاف کا پیغام لے کر طلوع ہوگا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے باہمی برداشت، رواداری اور سماجی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان جیسے کثیرالمذہبی معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ باہمی احترام، اتحاد اور امن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ڈپٹی سپیکر نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد، محنت اور ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں اور نئے سال کو اجتماعی بہتری کا ذریعہ بنائیں۔








