اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے سالانہ رپورٹ برائے سال 2024–25 کا اجراء کر دیا گیا ہے جس میں دوران مدت پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی مسلسل ترقی، استحکام اور مجموعی کارکردگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 200ملین یعنی 20 کروڑ جبکہ براڈبینڈ کنکشنز 150 ملین یعنی 15 کروڑ سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ملک …
پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2024–25 کا اجراء،صارفین کی تعداد 20 کروڑ اور براڈبینڈ کنکشنز 15 کروڑ سے تجاوز کر گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے سالانہ رپورٹ برائے سال 2024–25 کا اجراء کر دیا گیا ہے جس میں دوران مدت پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی مسلسل ترقی، استحکام اور مجموعی کارکردگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 200ملین یعنی 20 کروڑ جبکہ براڈبینڈ کنکشنز 150 ملین یعنی 15 کروڑ سے تجاوز کر گئے ہیں۔ ملک بھر میں ٹیلی کام کوریج 92 فیصد سے زائد جبکہ براڈبینڈ پینی ٹریشن 60 فیصد سے بڑھ چکا ہے۔ اسی طرح ٹیلی کام شعبے کی مجموعی آمدن ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئی جس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قومی خزانے میں ٹیلی کام شعبے کی شراکت چار سو دو ارب روپے تک پہنچ گئی جو سال 2024ء میں تین سو چھتیس ارب روپے تھی جبکہ شعبے میں سرمایہ کاری 9 فیصد اضافے کے ساتھ آٹھ سو اڑتیس ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں توسیع کے نتیجے میں سال 2025ء میں ڈیٹا کے استعمال کا حجم ستائیس ہزار سات سو ستائیس پیٹا بائٹس تک پہنچ گیا۔ ملک میں 95 فیصد سیلولر نیٹ ورکس 4جی ہیں جبکہ 17.21 ٹی بی پی ایس بین الاقوامی بینڈوتھ دستیاب ہے۔ پاکستان کی علاقائی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے 4 (چار) نئے ہائی کیپیسٹی سب میرین کیبلز شامل کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے نے نیشنل رومنگ کے نفاذ اور پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی توسیع میں بھی سہولت فراہم کی۔ملکی سطح پر موبائل ڈیوائسز کی تیاری میں نمایاں تیزی آئی جہاں 95فیصد سے زائد موبائل فونز جن میں 68 فیصد سمارٹ فونز شامل ہیں، مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں۔ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے جبکہ پی ٹی اے نے نیشنل ٹیلی کام سکیورٹی آپریشنز سینٹر (این ٹی ایس او سی) کے ذریعے سائبر خطرات کا موثر انداز میں تدارک کیا۔
صارفین کے تحفظ کے اقدامات کے نتیجے میں شکایات میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ یہ رپورٹ فائیو جی کی تیاری، سائبر سکیورٹی کے فروغ اور مستقبل کے لیے تیار ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے حوالے سے پی ٹی اے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مکمل رپورٹ پی ٹی اے کی ویب سائٹ https://www.pta.gov.pk/category/annual-reports-1432096911-2023-05-30 پر دستیاب ہے۔








