وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی سفیر کی ملاقات، دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے مضبوط عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بدھ کو …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بدھ کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے وزیر اعظم و ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا جس کی بدولت دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آئے۔

وزیر اعظم نے اس سال کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کیا جو کہ انتہائی نتیجہ خیز رہی تھیں اور پاک سعودی دوطرفہ تعلقات کو نئی سطحوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ضرورت کے وقت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اس کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔ ملاقات میں حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سعودی سفیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے مملکت سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔