وزیر داخلہ محسن نقوی کا طلال چوہدری کے ہمراہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ،ریکارڈمدت میں منصوبہ مکمل کرنے پر متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں غیر معمولی رفتار اور اعلیٰ معیار کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے …

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں غیر معمولی رفتار اور اعلیٰ معیار کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے منصوبے کے اعلیٰ معیار کو سراہا اور اسے مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے پر متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں جاری دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بتایا کہ اب تک وفاقی دارالحکومت میں 15 ارب روپے کی لاگت سے 18 اہم ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی ترجیح شہر کی تعمیر و ترقی ہے اور آئندہ سال رواں سال کے مقابلے میں دوگنی تعداد میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہترین انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔شہر میں کھیلوں کی سہولیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں عالمی معیار کا ایک خوبصورت ترین کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میگا پراجیکٹ کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کیا جا چکا ہے جو اسلام آباد کی خوبصورتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔

شہریوں کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے گاڑیوں پر ایم ٹیگ (M-Tag) لگانے کی آخری تاریخ میں 15 روز کی توسیع کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس توسیع کے حوالے سے باقاعدہ تفصیلات اور اعلان وزیر مملکت طلال چوہدری کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں اور ٹریفک کے نظام میں روانی پیدا ہو سکے۔