پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات قائم ، دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کا سوڈان کے یوم آزادی پر پیغام

اسلام آباد۔یکم جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ سوڈان کے یوم آزادی کے موقع پر چیئرمین ٹرانزیشنل سوورینٹی کونسل عبدالفتاح البرہان کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی طرف سے جمہوریہ سوڈان کے برادر عوام اور آپ کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری …

اسلام آباد۔یکم جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ سوڈان کے یوم آزادی کے موقع پر چیئرمین ٹرانزیشنل سوورینٹی کونسل عبدالفتاح البرہان کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی طرف سے جمہوریہ سوڈان کے برادر عوام اور آپ کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ اقدار، مشترکہ اسلامی ورثے اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، ہمارے تعلقات اعتماد، تعاون اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت سے عبارت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس مشکل وقت میں سوڈان میں اتحاد، امن اور استحکام کا حامی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول سیاسی روابط، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر روابط میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں، ہمارا یقین ہے کہ مسلسل مکالمہ اور تعاون علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر جمہوریہ سوڈان کےلئے امن، استحکام اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ آپ کی صحت و سلامتی اور آپ کے ملک کو ترقی اور پیش رفت کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیابی کےلئے دلی نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں۔