اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سلطنت سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات بالخصوص معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے خادم الحرمین الشریفین کے ولی عہد …
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سےسعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں سلطنت سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات بالخصوص معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے خادم الحرمین الشریفین کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے گہرے احترام اور قدردانی کے جذبات کا اظہار کیا اور ان کی بصیرت افروز قیادت کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار اور مضبوط عوامی روابط پر استوار ہیں اور یہ تاریخی رشتہ ہر گزرتے سال کے ساتھ مختلف شعبوں میں مزید مضبوط اور وسیع ہوتا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے سفیر کو آگاہ کیا کہ سلطنت سعودی عرب کی دعوت پر پاکستان رواں ماہ کے آخر میں ریاض میں منعقد ہونے والے فیچر منرلز فورم (ایف ایم ایف) میں بھرپور شرکت کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان فورم میں ’’پاکستان۔دی منرل مارول‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پویلین قائم کرے گاجس کا مقصد عالمی معدنی برادری کے سامنے پاکستان کے وسیع اور قیمتی اراضی وسائل اور امکانات کو اجاگر کرنا ہے۔
وفاقی وزیر کی قیادت میں پاکستانی وفدجس میں سرکاری اور نجی شعبے کی تیرہ معدنی کمپنیوں کے نمائندگان شامل ہوں گے، فورم میں شرکت کرے گا۔ ایف ایم ایف میں 90 منٹ پر مشتمل کنٹری شوکیس سیشن بھی منعقد ہوگاجس میں وفاقی وزیر، سرکاری و نجی کمپنیوں کے سی ای اوز، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے نمائندگان اور بین الاقوامی ماہرین شریک ہوں گے۔ اس سیشن کا موضوع ’’صلاحیتوں کا فروغ: پاکستان کے معدنی انقلاب کو تیز کرنے کا سفر‘‘ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پویلین میں عالمی کان کنی کے سٹیک ہولڈرز کا خیرمقدم کرنا اعزاز کی بات ہوگی۔ یہ پویلین پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2026 (پی ایم آئی ایف 2026) کے لئے کلیدی حیثیت کا حامل ہو گاجو اپریل 2026ء میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا اور اس کے ذریعے آئندہ فورم کے لیے بین الاقوامی شرکت کو فروغ ملے گا۔نواف بن سعید احمد المالکی نے ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی شرکت کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور مملکت سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں جو ان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا مظہر ہے۔
سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ فیوچر منرلز فورم دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور انہیں وسعت دینے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔فریقین نے باہمی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








