اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے یمن کی صورتحال کے حل کے لیے ڈائیلاگ اور سفارت کاری کے ذریعے پیش رفت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت سے وابستگی کو دہرایا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے یمن کی صورتحال سے متعلق میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سعودی عرب …
پاکستان کا یمن کی صورتحال کے حل کیلئے ڈائیلاگ اور سفارت کاری کے ذریعے پیش رفت کی حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے یمن کی صورتحال کے حل کے لیے ڈائیلاگ اور سفارت کاری کے ذریعے پیش رفت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت سے وابستگی کو دہرایا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے یمن کی صورتحال سے متعلق میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اٹھائے گئے مثبت اقدامات مسئلے کے پرامن حل میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے یمن کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کی دانشمندانہ اور دور اندیشی پر مبنی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات دونوں برادر ممالک کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے شراکت داری، اخوت اور وحدت کی اقدار کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔








