اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر تعزیت کے لیے اسلام آباد میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کا دورہ کیا، بنگلہ دیش کے قائم مقام ہائی کمشنر سے تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے ۔ …
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا بنگلہ دیش ہائی کمیشن کا دورہ، بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر تعزیت و فاتحہ خوانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر تعزیت کے لیے اسلام آباد میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کا دورہ کیا، بنگلہ دیش کے قائم مقام ہائی کمشنر سے تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے ۔
جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ چند ماہ قبل بنگلہ دیش کے دورے کے دوران انہیں بیگم خالدہ ضیاء سے ملاقات کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔
پاکستان کے عوام ، حکومتِ اور اپنی طرف سے میں بنگلہ دیش کی حکومت ، عوام اور مرحومہ کے اہلِ خانہ اور حامیوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء نے اپنی زندگی عوامی خدمت اور اپنی قوم کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
مشکل ادوار میں ان کی استقامت اور قیادت ایک پائیدار ورثہ چھوڑ گئی ہے۔ وہ ان تمام لوگوں کے دلوں میں احترام کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی جو ملک اور عوام کی خدمت کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے عوامِ بنگلہ دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ آپ کو مرحومہ کی خدمات کی یادوں اور ان کے چھوڑے ہوئے ورثے سے حوصلہ نصیب ہو ۔








